واشنگٹن:امریکی فضائیہ کے ایک فعال ڈیوٹی رکن نے اتوار کو واشنگٹن ڈی سی میں اسرائیلی سفارت خانے کے باہر خود کو آگ لگا کر خودکشی کی کوشش کی۔ فضائیہ کا رکن شدید زخمی ہو گیا۔ایسوسی ایٹڈ پریس کی رپورٹ کے مطابق، میٹروپولیٹن پولیس ڈیپارٹمنٹ نے پیر کو بتایا کہ ٹیکساس کا 25 سالہ ایئر مین، ایرون بشنیل زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔
اس معاملے سے واقف ایک شخص نے ایسوسی ایٹڈ پریس کو بتایا کہ اس شخص نے غزہ میں اسرائیل کی جانب سے فلسطینیوں کی نسل کشی کی مخالفت کرتے ہوئے یہ انتہائی اقدام اٹھایا۔ اس شخص کا کہنا تھا کہ وہ اسرائیل اور امریکہ کی جانب سے جاری فلسطینیوں کی نسل کشی کا حصہ نہیں بننا چاہتا۔ واضح رہے غزہ کی جنگ میں امریکہ اسرائیل کا سب سے بڑا اتحادی رہا ہے۔
خود کو آگ لگانے والا فضائیہ کا اہلکار اتوار کو دوپہر کے وقت اسرائیلی سفارت خانے پہنچا اور ویڈیو سٹریمنگ پلیٹ فارم ٹُویچ پر لائیو سٹریمنگ شروع کر دی۔ نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر ایک سکیورٹی اہلکار نے جانکاری دی کہ اس شخص نے لائیو سٹریم شروع کر دیا، اپنا فون سیٹ کر دیا اور پھر خود کو تیز رفتاری سے آگ لگا لی۔ ویڈیو کو بعد میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم سے ہٹا دیا گیا، لیکن سکیورٹی اہلکاروں نے اس ویڈیو کی ایک کاپی حاصل کر کے اس کی جانچ شروع کر دی ہے۔