اردو

urdu

ETV Bharat / health

صحت مند طرز زندگی سے لمبی زندگی کا حصول ممکنَ: تحقیق - Healthy lifestyle

کہا جاتا ہے کہ جینز سے جو اثرات صحت پر مرتب ہوتے ہیں، ان سے بچنا ممکن نہیں ہوتا۔ مگر اب پہلی بار دریافت کیا گیا ہے کہ جینز کے مقابلے میں صحت مند طرز زندگی لمبی زندگی کے لیے زیادہ اہم ہوتا ہے۔

صحت مند طرز زندگی سے لمبی زندگی کا حصول ممکنَ: تحقیق
صحت مند طرز زندگی سے لمبی زندگی کا حصول ممکنَ: تحقیق

By UNI (United News of India)

Published : Apr 30, 2024, 8:08 PM IST

لندن:درحقیقت صحت مند طرز زندگی 60 فیصد سے زائد منفی جینیاتی اثرات کو زائل کر سکتا ہے اور لمبی عمر کے حصول کو ممکن بناتا ہے۔

جرنل بی ایم جے میں شائع اپنی طرز کی پہلی تحقیق میں بتایا گیا کہ جینیاتی طور پر کچھ افراد کی زندگی مختصر ہوتی ہے، جبکہ یہ خیال کیا جاتا ہے کہ طرز زندگی کے عناصر جیسے تمباکو نوشی، الکحل کا استعمال، غذا اور جسمانی سرگرمیوں سے بھی زندگی کی مدت پر اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

مگر اب تک باضابطہ طور پر صحت مند طرز زندگی سے جینز پر مرتب اثرات کی جانچ پڑتال نہیں کی گئی۔ اس تحقیق میں 3 لاکھ 53 ہزار سے زائد افراد کے ڈیٹا کی جانچ پڑتال کی گئی تھی۔ ان افراد کی صحت کا جائزہ 13 سال تک لیا گیا، جس دوران 24 ہزار سے زائد انتقال کرگئے۔تحقیق میں دریافت ہوا کہ جینیاتی خطرے سے جلد موت کا امکان 21 فیصد تک بڑھ جاتا ہے۔

اسی طرح صحت کے لیے نقصان دہ طرز زندگی گزارنے والے افراد میں قبل از وقت موت کا خطرہ 78 فیصد تک بڑھ جاتا ہے۔مگر محققین نے دریافت کیا کہ صحت مند طرز زندگی سے جینز کی وجہ سے لاحق خطرے کو 62 فیصد تک کم کیا جاتا سکتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ صحت مند طرز زندگی سے عمر میں اوسطاً 5.22 سال کا اضافہ ہو جاتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ناقص نیند سنگین امراض کی وجہ

ان کا کہنا تھا کہ تمباکو نوشی سے گریز، جسمانی سرگرمیوں کو معمول بنانا، اچھی نیند اور صحت بخش غذا سے لمبی زندگی کا حصول ممکن ہوسکتا ہے۔ (یو این آئی)

ABOUT THE AUTHOR

...view details