حیدرآباد:بالی ووڈ اداکارہ اور متنازع بی جے پی ایم پی کنگنا رناوت اپنے بے لگام بیانات کی وجہ سے کافی ٹرول ہو رہی ہیں۔ جب سے کنگنا رناوت بی جے پی کی رکن پارلیمنٹ بنی ہیں، تب سے وہ اپنے متنازع بیانات کی وجہ سے خبروں میں ہیں۔ حال ہی میں کنگنا رناوت نے سکھ برادری کو یہ کہہ کر مشتعل کر دیا کہ کسانوں کی تحریک میں عصمت دری کے واقعات اور لاشوں کے ڈھیر لگ گئے۔ کنگنا یہ بیان ایسے وقت دے رہی ہیں جب ان کی فلم ایمرجنسی چھ ستمبر کو ریلیز ہونے جا رہی ہے۔
حال ہی میں فلم ایمرجنسی کا ٹریلر جاری کیا گیا ہے۔ اس ٹریلر سے بھی سکھ برادری کو دکھ پہنچا ہے اور اب کنگنا کو سر قلم کرنے کی دھمکیاں بھی موصول ہوئی ہیں۔ سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہو رہا ہے جس میں کنگنا رناوت کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔
دراصل، یہ ویڈیو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر وائرل ہو رہا ہے۔ اس ویڈیو میں کنگنا رناوت کو چپل سے مارنے اور ان کا سر قلم کرنے کی دھمکیاں دی جارہی ہیں۔ کنگنا رناوت نے پنجاب پولیس کو ٹیگ کرکے اس وائرل ویڈیو کو ایکس پر شیئر کیا ہے۔ ویڈیو میں لوگ کہہ رہے ہیں کہ اگر آپ نے فلم ایمرجنسی ریلیز کی تو آپ کو سردار ماریں گے، آپ کو پہلے ہی تھپڑ مارے جا چکے ہیں، مجھے اپنے ملک پر اتنا بھروسہ ہے کہ میں پراوڈ انڈین ہوں اور اگر میں آپ کو کہیں بھی دیکھو گا یا میرے ملک میں اگر کہیں بھی دیکھوں گا۔ خاص طور پر مہاراشٹر میں ہم اپنے ہندو، عیسائی اور مسلمان بھائیوں کے ساتھ آپ کا ایک خاص انداز میں استقبال کریں گے۔'