حیدرآباد: اجے دیوگن اسٹارر اسپورٹس بائیو گرافیکل فلم 'میدان' ریلیز سے قبل قانونی تنازع کا شکار ہو گئی ہے۔ فلم کل یعنی 11 اپریل کو عید کے موقع پر ریلیز ہونے جا رہی ہے اور اس سے قبل ہی 'میدان' کے میکرز کو بڑا جھٹکا لگا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق میسور کورٹ نے 'میدان' کی کہانی چوری کرنے کے الزام میں فلم کی ریلیز پر پابندی لگانے کا حکم دیا ہے۔ میسور کورٹ کا یہ فیصلہ ایسے وقت میں آیا ہے جب فلم کل 11 اپریل کو ریلیز ہونے کے لیے باکس آفس کی دہلیز پر کھڑی ہے۔ ایک عرضی گزار کی شکایت پر میسور کورٹ نے فلم کی ریلیز پر پابندی لگا دی ہے۔
غور طلب ہو کہ درخواست گزار انیل کمار نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے اس فلم کی کہانی لنکڈن پر سال 2018 میں شیئر کی تھی اور 2019 میں اپنے نام پر رجسٹریشن بھی کروائی تھی۔ تاہم عدالت کا فیصلہ بھی درخواست گزار کے حق میں آیا ہے۔ امت شرما کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم 'میدان' کے بنانے والے اب حرکت میں آگئے ہیں اور فلم پر سے پابندی ہٹانے کے لیے بے چین ہیں۔