اسلام آباد: پاکستانی اداکار شہریار منور، جو اپنی شاندار پرفارمنس اور خوبصورتی کے لیے مشہور ہیں۔ اپنی پیشہ ورانہ اور ذاتی زندگی دونوں کو لیکر موضوع بحث رہے ہیں۔ فی الحال مقبول پاکستانی ڈرامہ 'رد' میں کافی شاندار اداکاری کر کے ایک منفرد شناخت بنائی ہے۔ شہریار اداکارہ ماہین صدیقی کے ساتھ اپنے رومانوی تعلقات کی وجہ سے بھی سرخیوں میں رہے ہیں۔
غور طلب ہے کہ مہینوں کی قیاس آرائیوں کے بعد شہریار نے حال ہی میں انسٹاگرام پر اپنے تعلقات کی تصدیق کی۔ جس سے مداحوں میں جوش و خروش دیکھا جا رہا ہے۔ اب دونوں اپنے تعلقات کو اگلے درجے پر لے جانے کی تیاری میں ہیں۔ ایک پاکستانی نیوز پورٹل نے تصدیق کی ہے کہ وہ اس سال کے آخر میں شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے۔
ایک حالیہ انٹرویو میں شہریار نے اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ "الحمدللہ، میں بہت شکر گزار اور خوش ہوں۔ میرے والدین بہت خوش ہیں۔ اللہ بہت بڑا مہربان ہے۔" انہوں نے اپنے مداحوں سے ان کی پرائیویسی کا احترام کرنے کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ میں آپ تمام چاہنے والوں کی محبت اور حمایت کے لیے شکر گزار ہوں، لیکن میں آپ سے درخواست کرتا ہوں کہ آپ ہمارے لیے دعا کریں اور ہماری پرائیویسی کا احترام کریں کیونکہ ہم ایک ساتھ اس نئے سفر کا آغاز کریں گے۔
واضح رہے کہ 9 اگست کو شہریار کی 36ویں سالگرہ کے موقع پر انہیں ماہین کے ساتھ انسٹاگرام پر ایک خاص لمحے کا اشتراک کرتے ہوئے دیکھا گیا۔ انہوں نے آدھی رات کو سالگرہ والی پوسٹ کو دوبارہ شیئر کیا اور کیپشن میں لکھا کہ "شکریہ میری جان" ساتھ ہی ایک سرخ دل والی ایموجی بھی شیئر کی۔