نئی دہلی: محکمہ ٹیلی کمیونیکیشن (ڈی او ٹی) نے ٹیلی کام کمپنیوں کے لیے نئے احکامات جاری کیے ہیں۔ ڈی او ٹی نے یو ایس ایس ڈی پر مبنی کال فارورڈنگ کی سہولت 15 اپریل سے بند کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔ ایک سرکاری حکم نامے میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ متبادل طریقوں سے ان خدمات کو دوبارہ شروع کیا جا سکتا ہے۔ آپ کو بتاتے چلیں کہ موبائل فون کے ذریعے دھوکہ دہی اور آن لائن فراڈ کو روکنے کے لیے اس سلسلے میں ایک باضابطہ حکم جاری کیا گیا ہے۔
دراصل، موبائل صارفین اپنے فون کی سکرین پر کسی بھی فعال کوڈ کو ڈائل کرکے یو ایس ایس ڈی سروس استعمال کرتے ہیں۔ یہ سروس اکثر آئی ایم ای آئی نمبر اور موبائل فون بیلنس سمیت معلومات کو تلاش کرنے کے لیے استعمال ہوتی ہے۔ محکمہ نے 28 مارچ کو ایک حکم نامے میں کہا ہے کہ اس کے نوٹس میں آیا ہے کہ ایس ایس ایس ڈی (Unstructured Supplementary Service Data) پر مبنی کال فارورڈنگ کی سہولت کا کچھ نامناسب سرگرمیوں کے لیے غلط استعمال کیا جا رہا ہے۔