جموں: کانگریس صدر ملکارجن کھرگے نے کہا کہ وہ اس وقت تک نہیں مریں گے جب تک وزیر اعظم نریندر مودی کو اقتدار سے "ہٹایا" نہیں جاتا۔ کانگریس صدر ملکارجن کھرگے اتوار کو جموں و کشمیر کے کٹھوعہ ضلع میں انتخابی مہم کی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے بیمار پڑ گئے۔
ریاستی اسمبلی انتخابات کے تیسرے اور آخری مرحلے کی مہم کے آخری دن ایک بہت بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ "ہم ریاست کی بحالی کے لیے لڑیں گے۔ میری عمر 83 سال ہے، میں اتنی جلدی مرنے والا نہیں ہوں۔ میں اس وقت تک زندہ رہوں گا جب تک وزیر اعظم نریندر مودی کو اقتدار سے نہیں ہٹایا جاتا۔جیسے ہی کھرگے اسٹیج پر چکرا گئے، پارٹی کے کئی لیڈر ان کی مدد کے لیے پہنچ گئے۔ انتخابی ریلی کے بعد کانگریس صدر کو چکر آنے کی وجہ معلوم کرنے کے لیے ابتدائی طبی معائنہ کرایا جائے گا۔
کھرگے نے یہ دعوی کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی حکومت کبھی بھی جموں و کشمیر میں انتخابات نہیں کروانا چاہتی تھی انہوں نے کہا کہ "وہ چاہتے تو ایک دو سال کے اندر اسبملی انتخابات کروالیتے۔ انہوں نے سپریم کورٹ کے حکم کے بعد انتخابات کی تیاری شروع کردی۔ وہ انتخابات نہیں چاہتے تھے۔ وہ لیفٹیننٹ گورنر کے ذریعے ریموٹ کنٹرول حکومت چلانا چاہتے تھے"۔
کانگریس صدر نے مودی حکومت پر یہ الزام عائد کیا کہ وزیراعظم مودی نے پچھلے 10 سالوں میں ملک کے نوجوانوں کو کچھ نہیں دیا، "کیا آپ ایسے شخص پر یقین کر سکتے ہیں جو 10 سالوں میں آپ کی خوشحالی واپس نہیں لا سکتا؟ اگر بی جے پی کا کوئی لیڈر آپ کے سامنے آتا ہے، تو ان سے پوچھیں۔ اگر وہ خوشحالی لائے یا نہیں"۔