ممبئی:ملک کے نامور صنعت کار رتن ٹاٹا اس دنیا میں نہیں رہے۔ پدم بھوشن اور پدم وبھوشن سے نوازے گئے رتن ٹاٹا کا کل رات ممبئی کے ایک نجی ہسپتال میں انتقال ہو گیا۔ ان کے انتقال پر پورے ملک میں سوگ کی لہر ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی سمیت کئی سینئر لیڈروں نے ان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
86 سالہ صنعت کار رتن ٹاٹا کو اس ہفتے کے شروع میں ممبئی کے بریچ کینڈی اسپتال میں طبیعت بگڑنے کی وجہ سے داخل کرایا گیا تھا۔ انہیں معمول کے میڈیکل چیک اپ کے لیے اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ انہیں اسپتال کے آئی سی یو میں رکھا گیا تھا۔
ٹاٹا نے گزشتہ پیر کو اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر ایک بیان پوسٹ کیا، جس میں انہوں نے اپنی صحت سے متعلق افواہوں کو مسترد کیا۔ انہوں نے ان میڈیا رپورٹس کو مسترد کر دیا تھا جن میں کہا گیا تھا کہ وہ شدید بیمار ہیں۔ انہوں نے کہا تھا کہ "پریشان ہونے کی کوئی وجہ نہیں ہے، میں اچھے موڈ میں ہوں۔" انہوں نے کہا کہ ان کا باقاعدہ میڈیکل چیک اپ جاری ہے۔ انہوں نے عوام اور میڈیا سے اپیل کی کہ وہ غلط جانکاری پھیلانے سے گریز کریں۔
1991 میں ٹاٹا سنز کے چیئرمین بنے
رتن ٹاٹا ہندوستانی صنعت کی ایک بڑی شخصیت تھے۔ وہ 1991 میں بھارت کے سب سے بڑے کارپوریٹ گروپوں میں سے ایک ٹاٹا سنز کے چیئرمین بنے اور 2012 تک ٹاٹا گروپ کی قیادت کی۔ ان کی قیادت میں، ٹاٹا گروپ نے عالمی سطح پر ترقی کی، ٹیٹلی، کورَس اور جیگوار لینڈ روور جیسی بڑی کمپنیوں کو تحویل میں لیا، ٹاٹا کو گھریلو کمپنی سے عالمی کمپنی میں تبدیل کیا۔