بھوپال: 18 جولائی 2023 کو بھوپال میں کانگریس کے سرکردہ لیڈروں راہل گاندھی اور سونیا گاندھی کے طیارے کی ہنگامی لینڈنگ کے حوالے سے ایک چونکا دینے والا انکشاف سامنے آیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق جس طیارے میں راہل اور سونیا گاندھی سفر کر رہے تھے۔ اس کا نیومیٹک والو پانچ بار خراب ہو چکا تھا۔ سفر کے دن وہی والو دوبارہ خراب ہو گیا۔ طیارے کی ہنگامی لینڈنگ کے حوالے سے 19 صفحات پر مشتمل تحقیقاتی رپورٹ ڈی جی سی اے کو بھیج دی گئی ہے۔ دوسری طرف کانگریس لیڈروں کے مطابق یہ ڈی جی سی اے کی لاپرواہی کا نتیجہ ہے۔ وی آئی پی کو مکمل سیکیورٹی چیک کے بعد ہی جہاز میں سفر کرانا چاہیے۔ اس قسم کی غفلت انتہائی تشویشناک ہے۔
والو بار بار خراب ہو گیا، پھر بھی نہیں بدلا گیا:
راہل اور سونیا گاندھی کے طیارے کو دہلی جاتے وقت ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی۔ طیارے نے بنگلورو سے شام 5.45 بجے اڑان بھری لیکن ٹیک آف کے تقریباً 40 منٹ بعد کیبن میں ہوا کا دباؤ اچانک کم ہونا شروع ہوگیا۔ جب جہاز میں موجود کانگریس لیڈروں اور عملے کے ارکان کو سانس لینے میں تکلیف ہوئی تو انہیں ماسک کا استعمال کرنا پڑا۔ طیارے میں ہوا کا دباؤ کم ہونے لگا تو پائلٹ طیارے کو 43 ہزار فٹ سے تقریباً 36 ہزار فٹ پر لے آیا تاہم کچھ دیر بعد کیبن میں وارننگز آنے لگیں۔
ایمرجنسی کے پیش نظر طیارے کو 10 ہزار فٹ کی بلندی پر لایا گیا۔ اس کے بعد پائلٹ نے ہنگامی لینڈنگ کے لیے ناگپور سے رابطہ کیا، لیکن خراب موسم کی وجہ سے لینڈنگ کی اجازت نہیں دی گئی، پھر طیارے کو بھوپال ایئرپورٹ پر لینڈ کرنا پڑا۔