الہ آباد: گیانواپی کمپلیکس کے تہہ خانے سے متعلق کیس کی آج الہ آباد ہائی کورٹ میں (2 فروری 2024) سماعت ہے۔ سپریم کورٹ سے مایوسی کے بعد مسلم فریق نے جمعرات کو الہ آباد ہائی کورٹ میں عرضی داخل کی ہے۔ ڈسٹرکٹ جج وارانسی کے فیصلے کو ہائی کورٹ میں نظرثانی کی درخواست دائر کرتے ہوئے چیلنج کیا گیا ہے۔ انتظامیہ مسجد کمیٹی کی جانب سے سینئر ایڈوکیٹ سید فرمان احمد نقوی نے درخواست دائر کی اور جلد از جلد سماعت کی استدعا کی گئی۔
درخواست کو قبول کرتے ہوئے ہائی کورٹ نے آج بتاریخ دو فروری کو سماعت کرنے کا فیصلہ کیا۔ قائم مقام چیف جسٹس نے سماعت کے لیے جسٹس روہت رنجن اگروال کی سنگل بنچ کو نامزد کیا ہے۔ مسلم فریق کی درخواست میں وارانسی ڈسٹرکٹ جج کے 31 جنوری 2024 کے حکم کو منسوخ کرنے اور حتمی فیصلہ آنے تک اس پر روک لگانے کی درخواست کی گئی ہے۔