حیدرآباد: وزیر اعظم نریندر مودی نے آج کہا کہ خاندانی سیاست کی وجہ سے باصلاحیت افراد کو نقصان پہنچتا ہے جس کی وجہ سے نوجوانوں کو روزگار کے مواقع حاصل کرنے میں رکاوٹوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
مودی آج سنگاریڈی ضلع میں 6,800 کروڑ روپے کے ترقیاتی پروجیکٹوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھنے کے بعد پاٹینچیروکے پٹیل گوڈا میں ایس آر انفینٹی میں منعقدہ وجے سنکلپ سبھا میٹنگ سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کانگریس پارٹی پر اپنی بدعنوانی کو چھپانے کا الزام لگاتے ہوئے سخت تنقید کی۔ کانگریس کی وراثت اور خاندانی سیاست کے تصور کی مذمت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس سے باصلاحیت افراد کونقصان اٹھانا پڑتا ہے جس کی وجہ سے نوجوانوں کو روزگار کے مواقع ملنے میں رکاوٹوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
انہوں نے خاندانی سیاست کرنے والی جماعتوں کے اندر بدعنوانی کو بے نقاب کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ان جماعتوں کے رہنماوں میں عدم تحفظ کا احساس پایا جاتا ہے۔ انہوں نے کانگریس سمیت دیگر پارٹیوں کی جانب سے عوام کے پیسے سے اپنے لیے رقم جمع کرنے کی مذمت کی۔ انہوں نے خاندانی سیاست کی پیروی کرنے والی جماعتوں کے جواز پر سوال اٹھایا اور کہا کہ انہوں نے کشمیر سے کنیا کماری تک ملک پر حکومت کی۔