نئی دہلی: عام آدمی پارٹی کی رہنما سواتی مالیوال نے بدھ کو راجیہ سبھا کی رکن کے طور پر دو مرتبہ حلف لیا۔ ذرائع کے مطابق سواتی مالیوال کو راجیہ سبھا کے چیئرمین جگدیپ دھنکھر نے دو وجوہات کی بنا پر دو بار حلف لینے کے لیے کہا- پہلی یہ کہ انہوں نے ابتدائی طور پر غلط حلف لیا جب انہوں نے راجیہ سبھا کے نامزد اراکین کے لیے حلف کا ورژن پڑھا۔ دوسری وجہ غیر ضروری نعرے بازی تھی۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق سواتی مالیوال نے پارلیمنٹ میں انقلاب زندہ باد کے نعرے لگائے۔ جس پر اعتراض ظاہر کرتے ہوئے چیئرمین جگدیپ دھنکھر نے انہیں دوبارہ حلف لینے کے لیے بلایا۔ آج راجیہ سبھا میں حلف لینے سے پہلے سواتی مالیوال کناٹ پلیس کے ہنومان مندر میں بھگوان کا آشیرواد لینے پہنچی تھیں۔ اس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ میرے لیے بڑا دن ہے۔ میرا بھگوان کے ساتھ ایک مختلف رشتہ ہے، میں کرما پر بہت یقین رکھتی ہوں۔ آج میں نے بھگوان سے دعا کی کہ وہ مجھے طاقت دے، تاکہ میں پارلیمنٹ کے اندر اور باہر ملک کے ضرورت مند لوگوں کے لیے ایک مضبوط آواز بن سکوں۔