نئی دہلی: سینئر کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (مارکسسٹ) لیڈر سیتارام یچوری کے انتقال کے بعد اُن کے خاندان نے ان کی جسد خاکی نئی دہلی میں واقع آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمس) کو تدریس اور تحقیق کے مقصد کے لیے عطیہ کی ہے۔
قبل ازیں ایمس نے تصدیق کی تھی کہ 72 سالہ یچوری کی سانس کے شدید انفیکشن میں مبتلا ہونے کے بعد دوپہر 3.05 بجے انتقال ہوگیا۔ ایمس نے ایک پریس ریلیز میں کہا، "خاندان نے ان کی لاش ایمس، نئی دہلی کو تدریس اور تحقیق کے مقصد کے لیے عطیہ کیا ہے۔"
ایمس میں 19 اگست سے زیر علاج تھے یچوری:
سی پی آئی (ایم) جنرل سکریٹری 19 اگست سے ایمس میں زیر علاج تھے۔ انہیں نمونیا جیسے سینے میں انفیکشن کی وجہ سے داخل کیا گیا تھا۔ انتہائی نگہداشت یونٹ (آئی سی یو) میں رکھے جانے اور ڈاکٹروں کی ایک ٹیم کی نگرانی کے باوجود یچوری کی حالت حالیہ دنوں میں بگڑ گئی۔
سی پی آئی (ایم) نے جمعرات کو کہا کہ، "ہم بڑے دکھ کے ساتھ مطلع کرتے ہیں کہ ہمارے پیارے کامریڈ سیتارام یچوری، سی پی آئی (ایم) جنرل سکریٹری کا آج 12 ستمبر کو ایمس نئی دہلی میں انتقال ہوگیا۔ اور کامریڈ یچوری کی دیکھ بھال کرنے کے لیے ڈاکٹروں، نرسنگ اسٹاف اور انسٹی ٹیوٹ کے ڈائریکٹر کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔"