پونے: این سی پی کے سربراہ شرد پوار نے پیر کو کہا کہ بنگلہ دیش کی عبوری حکومت کے سربراہ محمد یونس ایک سیکولر رہنما ہیں اور وہ اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ پڑوسی ملک میں مختلف برادریوں کے درمیان کوئی دراڑ نہ ہو۔ بنگلہ دیش میں شیخ حسینہ کی قیادت والی حکومت کو اقتدار سے ہٹائے جانے کے بعد سے ہندوؤں پر مبینہ تشدد کی خبریں گردش کر رہی ہیں۔
بنگلہ دیش میں طلبہ نے کوٹہ سسٹم کے خلاف احتجاج شروع کیا تھا جو بعد میں اس وقت کی وزیر اعظم شیخ حسینہ کے خلاف بڑے مظاہروں میں تبدیل ہو گیا تھا۔ بڑے پیمانے پر تشدد کے نتیجے میں وہ اقتدار سے بے دخل ہوگئیں۔
84 سالہ ماہر اقتصادیات یونس نے جمعرات کو بنگلہ دیش کی عبوری حکومت کے چیف ایڈوائزر کے طور پر حلف اٹھایا، یہ عہدہ وزیر اعظم کے مساوی ہے۔ پونے میں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے شرد پوار نے کہا کہ "میری جانکاری کے مطابق، وہ (یونس) سیکولر ہیں اور وہ کبھی بھی مختلف برادریوں اور مختلف لسانی گروہوں کے درمیان دراڑ پیدا نہیں کریں گے۔"