نئی دہلی: 'بلڈوزر جسٹس' کے معاملے پر چھ نومبر کو سنایا گیا فیصلہ سپریم کورٹ کی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کر دیا گیا ہے۔ فیصلے کے تفصیلات سے کئی اہم باتیں سامنے آئی ہیں۔ اس میں عدالت نے جہاں سرکاری املاک پر غیر قانونی قبضے کےخلاف کارروائی کے جواز کو قبول کیا، وہیں سپریم کورٹ نے کہا کہ شہریوں کی آواز کو ان کی املاک کو تباہ کرنے کی دھمکی سے دبایا نہیں جا سکتا اور "بلڈوزر جسٹس" قانون کی حکمرانی کے تحت ناقابل قبول ہے۔
اس بات کا مشاہدہ کرتے ہوئے کہ بلڈوزر کے ذریعے انصاف کسی بھی مہذب نظام عدل و قانون کے لیے غیر مانوس عمل ہے، چیف جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ کی سربراہی والی بنچ نے کہا کہ حکومت کو غیر قانونی تجاوزات یا غیر قانونی طور پر تعمیر شدہ ڈھانچوں کو ہٹانے کے لیے کارروائی کرنے سے پہلے قانون کے مطابق عمل کرنا چاہیے۔
جسٹس جے بی پاردی والا، جسٹس منوج اور چیف جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ پر مشتمل بنچ نے کہا کہ "قانون کی حکمرانی کے تحت بلڈوزر انصاف ناقابل قبول ہے۔ اگر بلڈوزر جسٹس کی اجازت دی جائے تو آرٹیکل 300A کے تحت جائیداد کے حق کا قانون ایک مردہ خط میں تبدیل ہو جائے گا۔" آئین کا آرٹیکل 300A کہتا ہے کہ کسی بھی شخص کو اس کی جائیداد محروم نہیں کیا جائے گا جسے قانونی اتھارٹی سے تحفظ حاصل ہے۔
سپریم کورٹ نے 2019 میں اتر پردیش کے مہاراج گنج ضلع میں ایک مکان کو مسمار کرنے سے متعلق ایک معاملے میں اپنا فیصلہ سنایا۔
یہ کہتے ہوئے کہ ریاست کی طرف سے جس پورے عمل کی پیروی کی گئی وہ "ہائی ہینڈ" تھا، بنچ نے اتر پردیش حکومت کو ہدایت دی کہ وہ درخواست گزار کو عبوری اقدام کے طور پر 25 لاکھ روپے کا معاوضہ ادا کرے، جس کا مکان ایک سڑک پروجیکٹ کے لیے گرایا گیا تھا۔
چھ نومبر کو سنائے گئے فیصلے میں کہا گیا کہ "بلڈوزر کے ذریعے انصاف کسی بھی مہذب فقہی نظام کے لیے نامعلوم شے ہے۔ اس بات کا شدید خطرہ ہے کہ اگر ریاست کے کسی بھی محکمے یا افسر کی طرف سے اعلیٰ اور غیر قانونی رویے کی اجازت دی گئی تو شہریوں کی املاک کو مسمار کرنا ایک منتخب انتقامی کارروائی کے طور پر انجام پائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: بہرائچ بلڈوزر کارروائی پر سپریم کورٹ نے بھی لگائی روک، کہا 'حکم کی خلاف ورزی کرنے والے خبردار رہیں'
سی جے آئی نے اپنے فیصلے میں مزید سخت تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ "شہریوں کی آواز کو ان کی املاک اور مکانات کو تباہ کرنے کی دھمکی سے دبایا نہیں جا سکتا۔ حتمی سلامتی جو انسان کے پاس ہے وہ گھر ہے۔"
بنچ نے مزید کہا کہ میونسپل قوانین اور ٹاؤن پلاننگ قانون موجود ہیں جس میں غیر قانونی تجاوزات سے نمٹنے کے لیے مناسب دفعات اور اس کے لیے پروسس موجود ہیں۔
عدالت نے کہا کہ "جہاں اس طرح کی قانون سازی موجود ہے اس میں فراہم کردہ تحفظات کا مشاہدہ کرنا ضروری ہے۔ ہم طریقہ کار کے تحفظات کی کچھ کم از کم حدیں طے کرنے کی تجویز کرتے ہیں جو شہریوں کی جائیدادوں کے خلاف کارروائی کرنے سے پہلے پوری کی جانی چاہئیں۔"
قصوروار اہلکاروں کے خلاف کارروائی پر زور دیتے سپریم کورٹ نے کہا کہ ریاست کے وہ اہلکار جو اس طرح کی غیر قانونی کارروائی کرتے ہیں یا اس کی منظوری دیتے ہیں، ان کے خلاف تادیبی کارروائی کی جانی چاہیے۔
بنچ نے کہا "قانون کی ان خلاف ورزیوں پر مجرمانہ پابندیاں عائد ہونی چاہیے۔ سرکاری عہدیداروں کے لیے عوامی جوابدہی کا معمول ہونا چاہیے۔ سرکاری یا نجی املاک کے سلسلے میں کسی بھی کارروائی کے لیے قانون کے مناسب پروسس پر عمل ہونا چاہیے۔"
عدالت نے کہا کہ سڑک کو کشادہ کرنے کے منصوبے پر عمل کرنے سے پہلے، ریاست یا اس کی مشنری کو سرکاری ریکارڈ یا نقشوں کے لحاظ سے سڑک کی موجودہ چوڑائی کا پتہ لگانا چاہیے۔ریاست کو یہ معلوم کرنے کے لیے ایک سروے یا حد بندی کرنی چاہیے کہ آیا موجودہ سڑک پر موجودہ ریکارڈ یا نقشوں کے حوالے سے کوئی تجاوزات موجود ہیں یا نہیں۔ اگر کوئی تجاوزات پائی جاتی ہے تو ریاست کو تجاوزات کو ہٹانے کے لیے ایک مناسب تحریری نوٹس جاری کرنا چاہیے۔
بنچ نے کہا کہ "اگر نوٹس نوٹس کی درستگی یا قانونی حیثیت کے حوالے سے کوئی اعتراض کرتا ہے، تو فطری انصاف کے اصولوں کی تعمیل کرتے ہوئے سپیکنگ آرڈر کے ذریعے اعتراض کا فیصلہ کریں۔"
اس میں کہا گیا ہے کہ اگر اعتراض کو مسترد کر دیا جاتا ہے تو ریاست کو اس شخص کو معقول نوٹس دینا چاہیے جس کے خلاف کارروائی کی تجویز دی گئی ہو اور متعلقہ شخص کے قانونی طور پر کچھ کرنے میں ناکامی کی صورت میں تجاوزات کو ہٹانے کے لیے قانون کے مطابق کارروائی کی جائے جب تک کہ مجاز اتھارٹی یا عدالت کی جانب سے حکومت کے حکم سے روکا نہ جائے۔
یہ بھی پڑھیں: بلڈوزر جسٹس: سپریم کورٹ کا یوپی حکومت کو 25 لاکھ روپے معاوضہ ادا کرنے کا حکم، کہا 'آپ راتوں رات مکانات منہدم نہیں کر سکتے'
عدالت نے کہا کہ "اگر سڑک کی موجودہ کشادگی بشمول سڑک سے متصل سرکاری اراضی سڑک کو چوڑا کرنے کے لیے کافی نہیں ہے تو ریاست کو سڑک کو چوڑا کرنے کی مشق شروع کرنے سے پہلے قانون کے مطابق زمین کو تحویل میں لینے اقدامات کرنے چاہییں"۔
بنچ نے کہا کہ سپریم کورٹ کے رجسٹرار (جوڈیشل) اپنے فیصلے کی ایک کاپی تمام ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے چیف سکریٹریوں کو بھیجیں گے تاکہ سڑک کو کو کشادہ کرنے کے طریقہ کار اور پروسس کے سلسلے میں جاری کردہ ہدایات کی تعمیل کو یقینی بنایا جا سکے۔
عدالت عظمیٰ نے کہا، "اتر پردیش کی حکومت کے چیف سکریٹری کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ غیر قانونی انہدام اور اس سے متعلق ریاست کے تمام افسران اور ٹھیکیداروں کی تحقیقات کرائیں۔"