نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے اتوار کو سپریم کورٹ کو ہندوستان کی متحرک جمہوریت کو مضبوط بنانے اور آئین سازوں کے خوابوں کو شرمندہ تعبیر کرنے کے لئے مسلسل کوششیں کرنے والا قرار دیتے ہوئے کہا کہ مرکزی حکومت کو سماج کے ہر طبقے تک رسائی حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ موثر انداز میں انصاف کی فراہمی کے مقصد کے عدالت عظمیٰ کے ساتھ دیگر عدالتوں میں انفراسٹرکچر اور جدید سہولیات کو بڑھانے کے لیے ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی۔
سپریم کورٹ کی ڈائمنڈ جوبلی کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم مودی نے کہاکہ "ہندوستان کے آئین کے بنانے والوں نے آزادی، مساوات اور انصاف کے اصولوں کے ساتھ ایک آزاد ہندوستان کا خواب دیکھا تھا۔ ہندوستان کی سپریم کورٹ نے ان اصولوں کے تحفظ کے لئے مسلسل کوششیں کی ہیں۔ مودی نے کہاکہ "اظہار رائے کی آزادی ہو، انفرادی آزادی ہو، سماجی انصاف ہو، سپریم کورٹ نے ہندوستان کی متحرک جمہوریت کو مسلسل مضبوط کیا ہے۔"
ایک مضبوط عدالتی نظام کو ترقی یافتہ ہندوستان کی بنیاد قرار دیتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ عدالتوں میں جدید ٹیکنالوجی کے ساتھ ساتھ دیگر بنیادی ڈھانچے کی جدید سہولیات کو بڑھانا ان کی حکومت کی ترجیح رہی ہے۔ اس سمت میں پچھلے کچھ سالوں میں 7000 کروڑ روپے سے زیادہ کی رقم دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ ہفتے کابینہ نے 800 کروڑ روپے خرچ کرنے کی منظوری دی۔ اس رقم سے سپریم کورٹ کی سہولیات کو بڑھانے میں بہت مدد ملے گی۔