کولکتہ: لوک سبھا انتخابات 2024 اور اسمبلی ضمنی انتخابات کے بعد کولکتہ میں بی جے پی کی ریاستی سطح کی میٹنگ ہوئی۔ جس میں مغربی بنگال اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شوبھندو ادھیکاری نے وزیر اعظم نریندر مودی کے 'سب کا ساتھ سب کا وکاس' نعرے کو بند کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
میٹنگ میں شوبھندو ادھیکاری نے کہا کہ یہ 'سب کا ساتھ، سب کا وکاس کا نعرہ قوم پرست مسلمانوں کے بارے میں کہا گیا تھا۔ لیکن میں اب یہ نہیں کہوں گا۔ اس کے بجائے اب ہم 'جو ہمارے ساتھ، ہم ان کے ساتھ' کا نعرہ لگائیں گے۔ بی جے پی لیڈر نے یہ بھی کہا کہ بی جے پی میں اقلیتی محاذ کی بھی اب کوئی ضرورت نہیں ہے اور اسے بھی بند کر دینا چاہئے۔ اس کے علاوہ شوبھندو نے اپنی تقریر میں ہندوؤں اور آئین کو بچانے کی بھی بات کہی۔ انہوں نے بی جے پی کارکنوں سے ان کی حمایت کرنے کی اپیل کی۔
شوبھندو ادھیکاری کے متنازعہ بیان کی وضاحت
اس متنازع بیان کی میڈیا میں بحث شروع ہونے کے بعد شوبھندو ادھیکاری نے کہا کہ یہ ان کا ذاتی بیان ہے۔اس کا پارٹی کے نظریے سے کوئی تعلق نہیں۔ وزیر اعظم نے یہ نعرہ دیا تھا، جو آج بھی ہے۔ ایک بی جے پی کارکن کے طور پر انہوں نے انتہائی دکھ کے ساتھ یہ کہا کہ پارٹی کو اپنے کارکنوں کے ساتھ کھڑا ہونا چاہئے نہ کہ ان لوگوں کے ساتھ جو بی جے پی کی حمایت نہیں کرتے ہیں۔