نئی دہلی : اقلیتی امور کے وزیر کرن رجیجو ہفتہ کو سعودی عرب کے پانچ روزہ دورے پر روانہ ہوئے تاکہ حج 2025 سے متعلق دو طرفہ معاہدے پر دستخط کرسکیں۔ اس دوران بھارت کی جانب سے حج 2025 کے لیے 10,000 اضافی کوٹے کا مطالبہ کیا جائے گا۔ رجیجو پیر کو سعودی عرب کے وزیر توفیق بن فوزان الربیع سے ملاقات کریں گے، جہاں دونوں رہنماؤں کے درمیان دو طرفہ معاہدوں پر دستخط ہونے کی امید ہے۔
رجیجو نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہاکہ "میں حج 2025 سے متعلق دو طرفہ معاہدے پر دستخط کرنے اور دو عظیم ممالک کے لوگوں کے درمیان تعلقات کو مضبوط کرنے کے لیے سعودی عرب کا دورہ کرنے کا منتظر ہوں۔"
رجیجو، سعودی وزیر ٹرانسپورٹ اور لاجسٹکس سروسز صالح الجاسر سے بھی ملاقات کریں گے اور ان سے حج فلائٹ آپریشنز اور سفر سے متعلق بس اور ٹرین خدمات پر تبادلہ خیال کریں گے۔ رجیجو بھارتی عازمین حج کے زیراستعمال جدہ حج ٹرمینل کا بھی دورہ کریں گے، جہاں حکومت نے سفر کی سہولت کے لیے دفتر کی جگہ قائم کی ہے۔ کچھ ہندوستانی عازمین حج جدہ ہوائی اڈے کے ٹرمینل ایک کو ٹرانزٹ کے لیے استعمال کرتے ہیں، جس میں تیز رفتار ریل سروس بھی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: حج 2025: جموں و کشمیر سے حج درخواستوں میں ریکارڈ کمی، کوٹے کا صرف 52 فیصد موصول - Hajj applications from JK - HAJJ APPLICATIONS FROM JK
سعودی عرب نے 2025 کے لیے بھارت کا حج کوٹہ 1,75,025 عازمین مقرر کیا ہے، تاہم بھارتی حکومت اس سال حج کے لیے 10,000 اضافی کوٹہ کا مطالبہ کررہی ہے۔ رجیجو مدینہ بھی جائیں گے، جہاں وہ قبا اور قبلتین کی مساجد کا دورہ کریں گے۔