نئی دہلی:کانگریس لیڈر راہل گاندھی آج کیرالہ کے وائناڈ کا دورہ کریں گے۔ اس دوران وہ لینڈ سلائیڈنگ سے متاثرہ علاقے کے لوگوں سے ملاقات کریں گے اور ان کی خیریت معلوم کریں گے۔ لینڈ سلائیڈنگ سے متاثرہ علاقے میں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ 249 لوگوں کی موت ہو گئی ہے جب کہ بڑی تعداد میں لوگ زخمی ہیں۔ جن کا علاج کیا جا رہا ہے۔
اس سے قبل بدھ کے روز راہل گاندھی نے مرکزی حکومت پر زور دیا کہ وہ بڑے پیمانے پر لینڈ سلائیڈنگ کے بعد وائناڈ کے لوگوں کو ہر ممکن مدد فراہم کرے۔ لوک سبھا میں لینڈ سلائیڈنگ پر مختصر بحث کے دوران راہل گاندھی نے کہا کہ یہ علاقہ ماحولیاتی لحاظ سے نازک ہے۔ حادثات کو روکنے کے لیے ٹیکنالوجی کے حل پر غور کیا جانا چاہیے۔ گاندھی نے کہا کہ وائناڈ میں ایک بہت بڑا سانحہ ہوا ہے۔ فوج وہاں اچھا کام کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ یہ ضروری ہے کہ ہم وائناڈ کے لوگوں کی حمایت کریں اور زیادہ سے زیادہ مدد فراہم کریں۔ میں حکومت سے درخواست کرتا ہوں کہ اس مشکل وقت میں وائناڈ کے لوگوں کی مدد کرے۔ انہوں نے کہا کہ ایسا سانحہ دوسری بار ہوا ہے۔ اس سے پہلے پانچ سال قبل بھی ایسی تباہی آچکی تھی۔ یہ بالکل واضح ہے کہ اس علاقے میں ایک ماحولیاتی مسئلہ ہے۔ اس لیے اس پر غور کیا جانا چاہیے اور جو بھی ہائی ٹیک حل سامنے لایا جا سکتا ہے کرنا چاہیے۔