بارپیٹا: کانگریس رہنما راہل گاندھی نے بدھ کے روز کہا کہ بی جے پی کی حکومت والی ریاست میں "جتنے چاہے مقدمات" درج کرلیے جائیں انہیں ڈرایا نہیں جاسکتا۔ گوہاٹی پولیس نے وزیراعلی کی ہدایت پر مبینہ طور پر بھیڑ کو بھڑکانے کے الزام میں راہل گاندھی اور کانگریس کے دیگر رہنماؤں کے خلاف گذشتہ روز مقدمہ درج کیا ہے۔
بارپیٹا ضلع میں 'بھارت جوڈو نیائے یاترا' کے 7 ویں دن اپنی پہلی عوامی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے، کانگریس رہنما راہل گاندھی نے آسام کے وزیر اعلیٰ ہمنتا بسوا سرما پر سخت نکتہ چینی کی اور انہیں زمین سے متعلق الزامات کی ایک سیریز کے ساتھ ملک کا "سب سے زیادہ بدعنوان وزیر اعلیٰ" قرار دیا۔ راہل گاندھی نے کہا کہ "میں نہیں جانتا کہ ہمانتا بسوا سرما کو یہ خیال کیسے آیا کہ وہ کیس درج کر کے مجھے ڈرا سکتے ہیں۔ جتنے کیسز ہو سکے دائر کریں۔ مزید 25 مقدمات درج کرو، آپ مجھے ڈرا نہیں سکتے۔ بی جے پی-آر ایس ایس مجھے ڈرا نہیں سکتے''۔
راہل گاندھی نے کہا کہ بی جے پی آر ایس ایس آسام کی زبان، ثقافت اور تاریخ کو مٹانا چاہتی ہے۔ وہ ناگپور سے آسام کو چلانا چاہتے ہیں، لیکن ہم اس کی اجازت نہیں دیں گے۔ آسام کو صرف آسام سے چلایا جائے گا"۔ یہ الزام لگاتے ہوئے کہ آسام میں بدعنوانی کا سلسلہ چل رہا ہے، کانگریس لیڈر نے سرما کو ملک کا سب سے کرپٹ وزیر اعلیٰ قرار دیا۔