رانچی: جھارکھنڈ اسمبلی اجلاس کا آج دوسرا دن ہے۔ اس کے ساتھ ہی رابندر ناتھ مہتو نے جھارکھنڈ اسمبلی کے نئے اسپیکر کا عہدہ سنبھال لیا ہے۔ رابندر ناتھ مہتو مسلسل دوسری بار اسپیکر منتخب ہوئے ہیں۔ جھارکھنڈ اسمبلی کا اجلاس کل یعنی 9 دسمبر سے شروع ہوا جو 12 دسمبر تک جاری رہے گا۔ اجلاس کے پہلے دن ریاست کے کل 80 ایم ایل ایز نے حلف لیا۔ پروٹیم اسپیکر نے تمام ایم ایل ایز کو حلف دلایا۔ قبل ازیں گورنر سنتوش گنگوار نے اسٹیفن مرانڈی کو اسمبلی کے پرو ٹیم اسپیکر کے طور پر حلف دلایا۔ اس دوران انتخابی نتائج کے بعد سے اسمبلی کا اسپیکر کون ہوگا اس پر بحث جاری تھی۔ تاہم یہ یقینی تھا کہ رابندر ناتھ مہتو کو ایک بار پھر جھارکھنڈ اسمبلی اسپیکر کی کمان مل سکتی ہے۔
اسمبلی اجلاس کے دوسرے دن آج اسپیکر کا انتخاب ہوا اور نالا سے جھارکھنڈ مکتی مورچہ کے ایم ایل اے رابندر ناتھ مہتو دوبارہ اسمبلی اسپیکر بن گئے ہیں۔ حکومت کے قیام کے بعد سے ان کا نام اسپیکر کے طور پر زیر بحث تھا۔ تاہم پہلے دن کی کارروائی میں ہیمنت سورین نے کہا تھا کہ رابندر ناتھ مہتو کا نام تجویز کیا گیا ہے۔ انہیں متفقہ طور پر منتخب کیا جائے گا۔