نئی دہلی:پونے پولیس گزشتہ تین دنوں سے پونے میں کارروائی کرتے ہوئے منشیات برآمد کر رہی ہے، جس میں کئی ہزار کروڑ روپے کی منشیات برآمد ہوئی ہیں۔ اسی سلسلے میں پونے پولیس نے 20 اور 21 فروری کو دہلی میں 600 کلو منشیات برآمد کی ہیں، جس کی قیمت تقریباً 1200 کروڑ روپے بتائی جاتی ہے۔ دراصل پونے کے نئے پولس کمشنر امیتیش کمار نے منشیات سے پاک پونے کی مہم شروع کرکے یہ کارروائی شروع کی تھی۔ اس مہم کے تحت اب تک پونے کرائم برانچ پولیس نے صرف تین دنوں میں 4000 کروڑ روپے کی تقریباً 2000 کلو منشیات برآمد کی ہے۔
اس سے قبل 18 فروری کو پونے پولیس نے پیٹھ علاقے سے دو کلو ایم ڈی منشیات برآمد کی تھی۔ اس معاملے میں تین لوگوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔ 19 فروری کو گرفتار لوگوں سے ملی معلومات کی بنیاد پر پونے کے وشرانت واڑی علاقے سے 55 کلو گرام ایم ڈی منشیات برآمد کی گئی تھی جس کی قیمت تقریباً 100 کروڑ روپے بتائی گئی تھی۔ اس کے بعد 20 فروری کو کرکمبھ علاقے میں واقع ایک فیکٹری سے 1,100 کروڑ روپے کی منشیات برآمد ہوئی۔ اس کے بعد ایک ٹیم کارروائی کے لیے دہلی بھیجی گئی۔