وائناڈ:کیرالہ کانگریس وائناڈ لوک سبھا ضمنی انتخاب 2024 کے لئے مہم میں مصروف ہے۔ کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی یہاں سے الیکشن لڑ رہی ہیں۔ وہ دو دنوں میں تقریباً 7 ریلیاں کریں گی۔ تازہ ترین معلومات کے مطابق، منگل کو ریلی سے خطاب کرتے ہوئے پرینکا نے بی جے پی حکومت کو نشانہ بنایا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ مرکزی حکومت پہاڑی ضلع کے لینڈ سلائیڈ سے متاثرہ علاقوں کی باز آبادکاری کے لیے کوئی فنڈ فراہم نہیں کر رہی ہے۔
انتخابی مہم کے دوران انہوں نے کہا کہ مرکز کی نریندر مودی حکومت کا رویہ عوام اور قوم کے تئیں اس کی بے عزتی کو ظاہر کرتا ہے اور یہ اس کے اقتدار کے گزشتہ 10 سال کے دوران بنائی گئی پالیسیوں سے صاف ظاہر ہے۔ یہاں اینگاپوزا میں ایک سڑک میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس لیڈر نے کہا کہ مودی حکومت کی پالیسیاں ہمیشہ وزیر اعظم کے پانچ چھ کاروباری دوستوں کے حق میں ہوتی ہیں اور عوام کو ان سے کوئی فائدہ نہیں ہوتا۔