نئی دہلی:وزیر اعظم نریندر مودی نے ہم وطنوں سے 'ہر گھر ترنگا' مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی اپیل کی ہے، تاکہ ہندوستان اپنے 77ویں یوم آزادی کے موقع پر اسے ایک یادگار عوامی تحریک بنا سکے۔ اس دوران پی ایم مودی نے اپنی پروفائل تصویر کو قومی پرچم میں تبدیل کیا اور دوسروں کو بھی ایسا کرنے کی ترغیب دی۔
پی ایم مودی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر کہا"میں اپنی پروفائل تصویر تبدیل کر رہا ہوں اور میں آپ سب سے درخواست کرتا ہوں کہ ایسا ہی کریں اور ہمارے ترنگے کو منانے میں میرا ساتھ دیں اور ہاں، اپنی سیلفی harghartiranga.com پر شیئر کریں۔
ترنگا لہرانے کی کال
اس سے قبل 28 جولائی کو 'من کی بات' کے 112ویں ایپی سوڈ کے دوران، وزیر اعظم نے لوگوں میں قومی پرچم کے ساتھ سیلفی لینے اور اسے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر شیئر کرنے کے بڑھتے ہوئے رجحان کو اجاگر کیا۔ انہوں نے پارٹی قائدین اور کارکنوں سے مطالبہ کیا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ ملک بھر میں گھروں، دفاتر اور دکانوں پر ترنگا لہرایا جائے۔