نئی دہلی:بی جے پی کی مرکزی الیکشن کمیٹی یعنی سی ای سی نے لوک سبھا انتخابات کی تیاری کے سلسلے میں جمعرات کی رات اہم میٹنگ کی۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعرات کی رات دہلی میں پارٹی ہیڈکوارٹر میں میٹنگ میں شرکت کی۔ مانا جا رہا ہے کہ لوک سبھا انتخابات اپریل یا مئی کے شروع میں ہو سکتے ہیں۔ اس لیے امیدواروں کی پہلی فہرست پر ایک ہنگامی اجلاس منعقد کیا گیا۔ اس میٹنگ میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے صدر جے پی نڈا، مرکزی وزیر امت شاہ، راج ناتھ سنگھ جیسے سینئر لیڈر بھی موجود تھے۔ مانا جا رہا ہے کہ بی جے پی امیدواروں کی فہرست آج جاری کر سکتی ہے۔
سیاسی ماہرین کا ماننا ہے کہ لوک سبھا انتخابات کی تاریخ کا اعلان کرنے سے پہلے بی جے پی 543 میں سے کئی حلقوں کے امیدواروں کے ناموں کا اعلان کر سکتی ہے۔ اس میٹنگ میں اتر پردیش کے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ، گجرات کے بھوپیندر پٹیل، مدھیہ پردیش کے موہن یادو، چھتیس گڑھ کے وشنو دیو سائی، اتراکھنڈ کے پشکر سنگھ دھامی، گوا کے پرمود ساونت جیسے بی جے پی اقتدار والی ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ موجود تھے۔ اس کے علاوہ مدھیہ پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان، مرکزی وزیر جیوتی ادتیہ سندھیا، راجستھان کی نائب وزیر اعلیٰ دیا کماری بھی میٹنگ میں شامل ہوئیں۔