ممبئی: انڈیا اسلامک کلچرل سنٹر کے الیکشن میں سلمان خورشید نے فتح حاصل کی۔ سلمان خورشید ممبئی آئے ہوئے ہیں۔ ای ٹی وی بھارت کے نمائندے شاہد انصاری نے سلمان خورشید سے اسلامک کلچرل سنٹر کے تعلق سے خاص بات چیت کی۔ اس بات چیت میں سلمان خورشید نے وقف ترمیمی بل سمیت کئی اہم موضوعات پر کھل کر بات چیت کی۔ سلمان خورشید نے اپنی بات چیت میں انڈیا اسلامک کلچرل سنٹر کے تعلق سے کہا کہ کچھ لوگ سمجھتے تھے کہ یہ لڑائی ایک خاص ارادے سے لڑی جا رہی تھی۔ ہم یہی سوچ وسمجھ رہے تھے۔ کوئی بھی ہو کسی بھی جماعت سے تعلق ہو۔ لیکن اُس کی سوچ اسلامک کلچرل سنٹر پر نہیں تھوپی جا سکتی۔ ہم نے اسی سوچ کے خلاف آواز اٹھائی۔ حالانکہ ہم سے آر ایس ایس نے کبھی نہیں کہا۔ لیکن اُنہوں نے اس کی مخالفت بھی نہیں کی اور ان سب کو لے کر پہلے سے ہی ماحول بنایا گیا تھا۔
اسلامک کلچرل سنٹر کے نئے منتخب کیے گئے صدر سلمان خورشید نے مزید کہا کہ وقف کا جو مقصد ہوتا ہے اس میں ایک نظام بنتا ہے۔ اس میں کسی باہر والے کا دخل نہیں ہو سکتا۔ اس کی کوشش جاری ہے۔ ہم اسی لیے اس کے خلاف کھڑے ہیں۔ آئین میں دخل دینے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ سیکولر پارٹیاں اپنا موقف ظاہر کریں اور جو قوانین دوسرے مذاہب کے اداروں پر نافذ کیے گئے ہیں وہی یہاں بھی ہونا چاہیے، جو آئین کے تحت ہے۔ ہم جلد ہی اس پر تبادلۂ خیال کریں گے۔ اس کے لیے باقی دوسرے اداروں کی بات چیت جاری ہے۔