نئی دہلی: صدر جمہوریہ ہند دروپدی مرمو نے نئی پارلیمنٹ کی عمارت میں لوک سبھا اور راجیہ سبھا کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمنٹ کی نئی عمارت میں "شریشٹھ بھارت" کی خوشبو ہے اور یہ ہندوستان کی ثقافت اور تہذیب کی شان کو ظاہر کرتی ہے۔ نئی پارلیمنٹ کی عمارت میں لوک سبھا اور راجیہ سبھا کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر مرمو نے کہا کہ گزشتہ سال ملک کے لیے تاریخی کامیابیوں کا رہا ہے۔
صدر مرمو نے اپنے خطاب میں مختلف شعبوں میں حکومت کی جانب سے کیے گئے اقدامات کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے ان دس سالوں کے دوران کسانوں اور عام لوگوں کی فلاح وبہبود کے لئے متعدد اقدامات کیے ہیں۔ مرمو نے مزید کہا کہ "حکومت ہماری سرحدوں پر جدید انفراسٹرکچر بنا رہی ہے۔ ہماری افواج دہشت گردی اور عسکریت پسندی کا منہ توڑ جواب دے رہی ہیں۔ داخلی امن کے لیے حکومت کی کوششوں کے بامعنی نتائج ہمارے سامنے موجود ہیں۔ ملک میں سلامتی اور تحفظ کا ماحول ہے۔ جموں و کشمیر میں عسکری کاروائیوں کے واقعات میں بڑی کمی آئی ہے۔
دہشت گردی اور عسکریت پسندی کے خلاف حکومت کی سخت پالیسی کا ذکر کرتے ہوئے صدر جمہوریہ نے کہا کہ اس کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں۔ انہوں نے کہا ’’دہشت گردی ہو یا عسکریت پسندی، ہماری افواج آج ’ٹٹ فار ٹیٹ‘ پالیسی کے ساتھ جواب دے رہی ہیں۔ داخلی امن کے لیے میری حکومت کی کوششوں کے بامعنی نتائج ہمارے سامنے ہیں۔"
یہ دعوی کرتے ہوئے کہ جموں و کشمیر میں سلامتی کی صورتحال، جو ایک طویل عرصے سے دہشت گردی اور تشدد کا شکار ہے، کافی حد تک معمول پر آچکی ہے، انہوں نے کہا کہ اب مرکز کے زیر انتظام علاقے میں سیکورٹی کی صورتحال مضبوط ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج جموں و کشمیر میں سیکورٹی کا ماحول ہے۔ آج ہڑتال کی خاموشی نہیں ہے، بلکہ بھرے بازار میں ہلچل ہے۔‘‘