نئی دہلی: بی جے پی کی زیرقیادت نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (این ڈی اے) کے نومنتخب ارکان پارلیمنٹ نریندر مودی کو اپنا لیڈر منتخب کرنے کے لیے جمعہ کو میٹنگ میں شرکت کریں گے۔ اس میٹنگ کے بعد مودی کے تیسری مدت کے لیے وزیر اعظم کے عہدے کا حلف اٹھانے کی راہ ہموار ہوگی۔
ذرائع کے مطابق اب حلف برداری اتوار کو ہونے کا امکان ہے۔
مودی کے این ڈی اے ممبران پارلیمنٹ کا لیڈر منتخب ہونے کے بعد، اتحاد کے سینئر ممبران جیسے ٹی ڈی پی کے این چندرابابو نائیڈو، جے ڈی (یو) کے نتیش کمار اور شیو سینا کے ایکناتھ شندے مودی کے ساتھ صدر جمہوریہ دروپدی مرمو سے ملاقات کریں گے۔ این ڈی اے کے کچھ ارکان نے کہا کہ اس دوران نریندر مودی ان کی حمایت کرنے والے ارکان پارلیمنٹ کی فہرست صدر جمہوریہ کے سپرد کر سکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ ہفتے کے آخر میں، ممکنہ طور پر اتوار کو حلف اٹھا سکتے ہیں۔