لکھنؤ:سابق رکن اسمبلی و یوپی کے قد اور سیاسی رہنما مختار انصاری باندہ کے درگاوتی اسپتال میں انتقال کرگئے۔ باندہ جیل میں طبیعت بگڑنے کے بعد انہیں درگاوتی میڈیکل کالج لایا گیا تھا جہاں علاج کے دوران وہ انتقال کر گئے۔
ان کے انتقال کے بعد مئو، غازی پور اور اسے متصل علاقوں میں ہائی سکیورٹی الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ مشتبہ حالات میں ان کی موت کی وجہ سے کچھ علاقوں میں حالات کشیدہ ہونے کا خدشہ ہے۔
مختار انصاری کو میڈیکل کالج میں داخل کرانے کے ساتھ ہی کئی علاقوں میں پولیس کی بھاری نفری اور افسران کو تعینات کر دیا گیا۔ ڈی جی پی نے مختار کو لے کر غازی پور اور مئو سمیت پوروانچل کے مختلف اضلاع میں الرٹ بھی جاری کیا ہے۔ ساتھ ہی پولیس افسران کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایات بھی دی گئی ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ دو دن قبل بھی پیٹ میں شدید درد کی کی شکایت کے بعد انہیں اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا جہاں ڈاکٹروں نے ان کے پیٹ اور یورینری میں انفیکشن کی تصدیق کی تھی۔ علاج کے بعد انہیں واپس جیل بھیج دیا گیا تھا۔ حالانکہ اس وقت ڈی جی جیل نے ان کی طبیعت کو تشویشناک ماننے سے انکار کر دیا تھا۔ وہیں چار روز قبل مختار انصاری کی حفاظت میں لاپرواہی برتنے کی وجہ سے ایک جیلر اور دو ڈپٹی جیلرز کو معطل بھی کیا تھا۔
حالانکہ آج پھر ان کی طبیعت بگڑ گئی جس کے بعد جیل انتظامیہ نے انہیں باندہ کے میڈیکل کالج میں داخل کرایا جہاں علاج کے دوران ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔
واضح رہے کہ کچھ دن قبل ہی مختار انصاری نے جیل انتظامیہ پر کھانے میں سیلو پوائزن یعنی دھیما زہر دینے کی شکایت کی تھی۔ گذشتہ کچھ دنوں سے ان کی طبیعت مسلسل خراب چل رہی تھی۔ ؤج وہ باندہ ہسپتال میں انتقال کرگئے۔
واضح رہے کہ 13 مارچ کو وارانسی کی ایم پی ایم ایل اے کورٹ نے مختار انصاری کو آرمس ایکٹ کے تحت عمر قید کی سزا سنائی ہے۔ یہ سزا انہیں جعلی اسلحہ لائسنس کے معاملے میں سنائی گئی ہے۔