لکھنؤ: انڈین ریلوے کیٹرنگ اینڈ ٹورازم کارپوریشن (آئی آر سی ٹی سی) سے اگر ٹکٹ بک نہیں کرایا گیا ہے، تو ٹکٹ کینسل ہونے کے بعد رقم کی واپسی میں کوئی تاخیر نہیں ہوگی۔ ایک گھنٹے کے اندر ٹکٹ بک کرنے والے شخص کے پیسے اس کے اکاؤنٹ میں واپس آ جائیں گے۔ آئی آر سی ٹی سی نے اپنے سسٹم میں تبدیلی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ آئی آر سی ٹی سی اور سینٹر فار ریلوے انفارمیشن سسٹم (سی آر آئی ایس) یہ تبدیلی کریں گے۔
اگر ٹکٹ بک نہیں ہوا اور پیسے کاٹ لیے گئے تو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ پوری رقم ایک گھنٹے کے اندر واپس کر دی جائے گی۔ ٹرین کی منسوخی پر بھی یہی نظام لاگو ہوگا۔ اب تک مسافروں کو رقم کی واپسی کے لیے ایک ہفتہ سے 10 دن تک انتظار کرنا پڑتا تھا۔ اب یہ انتظار ختم ہونے والا ہے۔ یہ نظام بہت جلد شروع کر دیا جائے گا۔ آئی آر سی ٹی سی سے وابستہ عہدیداروں کا کہنا ہے کہ رقم کی واپسی میں کافی مسائل تھے۔ اس بارے میں مسافروں کی جانب سے کئی بار شکایات بھی کی گئیں۔ اس پر سنجیدگی سے توجہ دیتے ہوئے، آئی آر سی ٹی سی نے اب اس طرح کے مسائل کو جلد از جلد حل کرنے کے لیے نظام میں تبدیلیاں کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس پر کام شروع کر دیا گیا ہے۔ نیا نظام جلد نافذ کر دیا جائے گا۔