بنگلور: ماہ رمضان برکتوں والا مہینہ ہے اور اس ماہ کی عظمت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ قرآن پاک کا نزول اسی پاک مہینے میں ہوا۔ اسی ماہ میں روزے فرض کئے گئے۔ روزہ ایک عجیب عبادت ہے کہ انسان روزہ رکھ کر اپنے ہر کام کو انجام دے سکتا ہے روزہ رکھ کر صنعت و حرفت تجارت و زیارت ہرکام بخوبی کرسکتا ہے۔ رمضان کا پہلا عشرہ رحمت، دوسرا عشرہ مغفرت اور تیسرہ عشرہ جہنم کی آگ سے نجات کا ہے۔ اسی ماہِ مبارک میں ہر صاحبِ استطاعت اپنے مال میں سے ڈھائی فیصد حصہ غربأ و مسکین کو دیتا ہے۔ بنگلور کے طٰحہٰ بیت المال نے ایک بہترین قدم اٹھاتے ہوئے غریبوں میں رمضان کِٹ تقسیم کیں۔
مسجد طٰحہٰ نے رمضان کے دوران ضرورت مند مسلمان اور ہندو خاندانوں کو امداد فراہم کی۔ مسجد طحہٰ شعبہ بیت المال کی جانب سے کمیونٹی کے غریبوں و ناداروں کی ضروریات کو پورا کیا جارہا ہے. ادارے کے اس اقدام سے علاقے کے پسماندہ بچوں کے لیے تعلیمی مدد اور صحت کے چیلنجوں کا سامنا کرنے والے مستحق افراد کو مالی امداد فراہم کی جارہی ہے۔
رمضان المبارک کے پیش نظر، ہمدردی اور سخاوت کے اقدار کو مدنظر رکھتے ہوئے، طحہ بیت المال کی جانب سے مسجد طٰحہٰ میں رمضان کٹ تقسیم کرنے کی تقریب کا اہتمام کیا، جہاں 200 سے زائد ضرورت مند خاندانوں کو رمضان کٹس تقسیم کی گئیں۔