لکھنؤ: سماج وادی پارٹی(ایس پی) صدر و سابق وزیر اعلی اکھلیش یادو نے بدھ کو کہا کہ آئندہ لوک سبھا الیکشن۔2024 میں آنے والی نسل کے مستقبل کا الیکشن ہے۔ یہ عوام کی موت وزیست کا الیکشن ہوگا اور جمہوریت آئین، ریزرویشن سب پر خطرہ منڈلا رہا ہے۔
یادو نے الزام لگایا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) 2024 کے انتخابات جیتنے کے لیے کسی بھی سطح تک جا سکتی ہے۔ ووٹنگ کے وقت دھاندلی کی تیاریاں ہیں۔ ایسے میں عام آدمی جو کہ ووٹر بھی ہے، اپنے حقوق اور ووٹ کا تحفظ کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ سماج وادی پارٹی کے کارکنوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ جمہوریت کو بچائیں۔
ایس پی صدر نے آج لکھنؤ میں ریاستی ہیڈکوارٹر پر بڑی تعداد میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی حکومت میں نظام پوری طرح سے ٹوٹ چکا ہے۔ بی جے پی حکومت میں لوٹ مچی ہوئی ہے۔ اس کا راستہ خطرناک ہے۔بی جے پی حکومت ہر سطح پر ناکام ہوچکی ہے۔ اپنی ناکامی چھپانے کے لیے اشتہارات میں جھوٹے وعدے دکھائے جا رہے ہیں۔
یادو نے کہا کہ تمام ایس پی لیڈروں اور کارکنوں کو چاہئے کہ وہ بوتھ سطح پر پارٹی کی تنظیم کو مضبوط کریں اور پی ڈی اے کے پیغام کو لوگوں تک پہنچائیں۔ لوگوں کو سماج وادی حکومت کی حصولیابیاں بتائیں اور ایس پی اتحاد کے امیدواروں کو اکثریت سے جیتنے میں کوئی کسر نہ چھوڑیں۔
انہوں نے کہا کہ عوام میں بی جے پی کے تئیں شدید غصہ ہے۔ جھوٹے مقدمات درج کر کے اپوزیشن لیڈروں کو جیل بھیجا جا رہا ہے۔ تاجروں کو ہراساں کیا جا رہا ہے۔ کسان مہنگائی اور قرضوں سے پریشان ہیں۔ آمدنی دوگنی کرنے کا وعدہ ایک جملہ نکلا۔