نئی دہلی: کانگریس صدر ملیکارجن کھڑگے اور سابق صدر راہل گاندھی نے 75 ویں یوم جمہوریہ پر اہل وطن کو مبارکباد دی ہے۔ کھڑگے نے کہا ’’75ویں یوم جمہوریہ پر سب کو دل کی گہرائیوں سے نیک خواہشات اور بہت بہت مبارکباد۔ ہندوستان کا آئین قدیم ہندوستانی تہذیب میں شامل سماجی، اقتصادی اور سیاسی اقدار پر مبنی ہے۔ انصاف، وقار اور مساوات کی ہماری اقدار اس کے مضبوط ستون ہیں اوریہ آزادی کے بعد ہماری سماجی، اقتصادی اور سیاسی تبدیلی کا معیار بھی بنیں۔ ہمارے آئین نے تمام شہریوں کو بنیادی حقوق، سماجی انصاف اور سیاسی حقوق یکساں دیے لیکن آج ان حقوق پر حکومت خود حملہ کر رہی ہے۔
کانگریس صدر نے اس سال ہونے والے عام انتخابات کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’’سال 2024 ہندوستان کے لیے بہت اہم سال ہے۔ یہ سال فیصلہ کرے گا کہ ہم آئین، جمہوریت اور انصاف کی قدروں کو بچا پائیں گے یا پھر اسی دور میں پہنچ جائیں گے جہاں ہر شخص برابر نہیں ہوگا۔ ان کے حقوق برابر نہیں ہوں گے۔ کانگریس پارٹی نے ان اقدار کو بچانے اور سماجی، اقتصادی اور سیاسی انصاف کو دوبارہ قائم کرنے کا عزم کیا ہے۔