نئی دہلی: دہلی کا اگلا وزیر اعلیٰ کون ہوگا؟ اس کو لے کر عام آدمی پارٹی (عآپ ) میں غور وخوص شروع ہو گیا ہے۔ عآپ کی سیاسی امور کی کمیٹی کی میٹنگ تقریباً ایک گھنٹے تک وزیراعلیٰ ہاؤس میں ہوئی۔ جس میں تمام بڑے لیڈروں نے شرکت کی۔ سنجے سنگھ اور سندیپ پاٹھک نے شرکت نہیں کی کیونکہ وہ ہریانہ میں تھے۔ وزیر اعلی اروند کیجریوال کے جیل سے باہر آنے کے بعد پہلی بار یہ ملاقات ہوئی۔ اس میں دہلی کے اگلے وزیر اعلیٰ اور کابینہ سے متعلق معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
میٹنگ کے بعد وزیر سوربھ بھردواج نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ نے نئے وزیر اعلیٰ کے بارے میں تمام لیڈروں اور وزراء کے ساتھ ون ٹو ون بات چیت کی۔ ان سے رائے لی۔ لیجسلیچر پارٹی کا اجلاس کل ہوگا۔ کل ارکان اسمبلی سے بات کریں گے۔ دیر شام اور صبح ہونے والی میٹنگ کے لیے اراکین اسمبلی کو نوٹس جاری کیا گیا ہے۔ تمام اراکین اسمبلی کو صبح 11 بجے وزیر اعلیٰ کی رہائش گاہ پر بلایا گیا ہے۔
صبح 11 بجے قانون ساز پارٹی کی میٹنگ:
پارٹی نے کہا کہ منگل کو صبح 11 بجے عآپ ایم ایل اے کی میٹنگ ہوگی۔ اس میں نئے وزیر اعلیٰ کے نام پر بات ہوگی۔ اس کے بعد سی ایم اروند کیجریوال کل شام 4.30 بجے اپنا استعفیٰ ایل جی کو پیش کر سکتے ہیں اور لیجسلیچر پارٹی کے نئے لیڈر کا نام بطور وزیراعلیٰ تجویز کر سکتے ہیں۔ دراصل اتوار کو کیجریوال نے کہا تھا کہ وہ وزیر اعلیٰ اور منیش سسودیا نائب وزیر اعلیٰ تب ہی بنیں گے جب لوگ کہیں گے کہ ہم ایماندار ہیں۔