پٹنہ: بہار کے سابق وزیر اعلی اور عوامی رہنما کرپوری ٹھاکر کو حکومت ہند نے بھارت رتن سے نوازا ہے۔ کل کرپوری ٹھاکر کا یوم پیدائش ہے۔ ان کی یوم پیدائش سے قبل حکومت ہند نے انہیں بھارت رتن ایوارڈ سے نوازا ہے۔ کرپوری ٹھاکر 1924 میں بہار کے سمستی پور ضلع میں پیدا ہوئے۔ ان کا انتقال 64 سال کی عمر میں 1988 میں پٹنہ میں ہوا۔ وہ پسماندہ لوگوں کو حقوق دلانے کے حامی رہے ہیں۔ وہ دو بار بہار کے وزیر اعلیٰ رہے اور پسماندہ طبقات کو ریزرویشن دینے کے لیے بھی کام کیا۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے ٹویٹ کر کے کہا ہے کہ ’’مجھے بہت خوشی ہے کہ حکومت ہند نے سماجی انصاف کے علمبردار عظیم عوامی لیڈر کرپوری ٹھاکر جی کو بھارت رتن سے نوازنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان کی صد سالہ پیدائش کے موقع پر یہ فیصلہ اہل وطن کو سر فخر سے بلند کرے گا۔ پسماندہ اور محروموں کی بہتری کے لیے کرپوری جی کی غیر متزلزل عزم اور دور اندیش قیادت نے ہندوستان کے سماجی و سیاسی منظر نامے پر انمٹ نقوش چھوڑے ہیں۔ یہ بھارت رتن نہ صرف ان کی لاجواب شراکت کا ایک شائستہ اعتراف ہے، بلکہ یہ سماج میں ہم آہنگی کو مزید فروغ دے گا۔