نئی دہلی: دہلی کے رام لیلا میدان میں آج انڈیا الائنس کی ایک میگا ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ اس ریلی کا عنوان 'آمریت ہٹاؤ، جمہوریت بچاؤ' تھا۔ اس ریلی میں انڈیا الائنس میں شامل تمام سیاسی جماعتوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اس ریلی میں 'انڈیا' کی رکن جے ایم ایم کی طرف سے کلپنا سورین اور جھارکھنڈ کے سی ایم چمپائی سورین نے بھی عوام سے خطاب کیا۔
نئی دہلی کے رام لیلا میدان میں راہل گاندھی کے ساتھ ملیکا ارجن کھڑگے، پرینکا گاندھی، اکھلیش یادو، تیجسوی یادو، فاروق عبداللہ، محبوبہ مفتی، چمپائی سورین اور کلپنا سورین بھی موجود تھیں۔ اس دوران ریلی میں پہنچی کلپنا سورین نے مرکز کی مودی حکومت پر سخت حملہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ مرکز کی مودی حکومت ایک ڈکٹیٹر کی طرح کام کر رہی ہے۔
کلپنا سورین نے مرکزی حکومت کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ان کے خلاف بولنے والوں کو جیل میں ڈالا جا رہا ہے۔ بی جے پی میں آنے والوں کو معاف کیا جا رہا ہے۔ اپوزیشن لیڈروں کو بلا وجہ ہراساں کیا جا رہا ہے۔ کوئی بھی گھپلہ نہ کرنے کے باوجود تمام اپوزیشن سیاسی جماعتوں کے قائدین کو ہراساں کیا جا رہا ہے۔ جھوٹے مقدمات میں جیل میں بند رکھا گیا ہے۔ ای ڈی کی طرف سے زبردستی چھاپہ مارا جا رہا ہے۔ اپوزیشن رہنماؤں کے خلاف سی بی آئی جانچ ہو رہی ہے، سرکاری مشینری کا غلط استعمال ہو رہا ہے۔