رانچی: کانگریس لیڈر راہل گاندھی آج یہاں جھارکھنڈ کے سابق وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین کی رہائش گاہ پہنچے۔ جہاں انھوں نے ہیمنت سورین کی اہلیہ کلپنا سورین سے ملاقات کی۔ ان کی ملاقات کی تصویر کانگریس کے سوشل میڈیا ہینڈل پر شیئر کی گئی ہے۔ اس کے ساتھ لکھا ہے کہ آج ہم سب متحد ہو کر انصاف کی جنگ جاری رکھیں گے اور عوام کی آواز بلند کریں گے۔ نفرت ہارے گی، انڈیا جیتے گا۔
راہل گاندھی نے جھارکھنڈ میں بھارت جوڈو نیائے یاترا کے دوران ایک عوامی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی نے جھارکھنڈ میں جے ایم ایم، کانگریس اور آر جے ڈی حکومت کو گرانے کی کوشش کی کیونکہ وزیراعلیٰ قبائلی تھے۔ لیکن میں ان تمام اتحاد کے ارکان اسمبلی اور چمپائی سورین جی کو مبارکباد دینا چاہتا ہوں کہ انہوں نے بی جے پی اور آر ایس ایس کی سازش کو روکا اور غریبوں کے حکومت کی حفاظت کی۔
واضح رہےکہ آج سابق وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین نے بھی فلور ٹیسٹ میں حصہ لیا تھا۔ انہوں نے میڈیا سے کسی قسم کی بات نہیں کی اور سیدھے ایوان میں چلے گئے۔ اس دوران ان کی باڈی لینگویج اعتماد سے بھری ہوئی نظر آئی۔ بحث میں حصہ لیتے ہوئے، ہیمنت سورین نے کہا کہ ان کی گرفتاری سماج میں قبائلیوں اور دلتوں کو کئی طریقوں سے ڈھائے جانے والے ظلم کی صرف ایک مثال ہے۔