نئی دہلی:سنبھل میں پتھراؤ کے واقعہ پر سماج وادی پارٹی عدالت کا رخ کرنے کی بات کر رہی ہے۔ ایس پی کے رکن پارلیمنٹ رام گوپال یادو نے کہا کہ " بے قصور لوگوں کو مارا گیا۔ جمہوری نظام میں ایسی چیزیں نہیں ہوتیں۔ حکومت نے ایسے اہلکاروں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی ہے۔ ہمارا وفد کل وہاں جائے گا اور ہم اس معاملے کو اٹھائیں گے اور اگر حکومت نے ہماری بات نہیں سنی تو ہمارے پاس عدالت جانے کے سوا کوئی چارہ نہیں ہے۔ انھوں نے اس معاملے پر بحث کے لیے آج دوبارہ پارلیمنٹ میں نوٹس دینے کی بات کہی۔
سماج وادی پارٹی کی رکن پارلیمنٹ ڈمپل یادو نے کہا کہ، "انتظامیہ نے بوتھ پر قبضہ کرنے کا کام کیا اور آج جب ہم یوم آئین منا رہے ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ ہمارا ملک آئین کے تحت چلے۔ انتخابی نتائج کے فوراً بعد جس طرح سنبھل کا واقعہ ہوا تھا، مجھے لگتا ہے کہ یہ حکومت اور بی جے پی کی پالیسی اور ارادوں پر ایک بڑا سوال اٹھاتا ہے۔
وہیں، کانگریس نے بھی سنبھل میں اقلیتیوں کو نشانہ بنائے جانے پر یو پی پولیس کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ کانگریس ایم پی مانیکم ٹیگور کا کہنا ہے کہ "سنبھل کے معاملے پر کانگریس پارٹی کا موقف واضح ہے کہ پولیس کو فرقہ وارانہ بنایا گیا ہے۔ یوپی پولیس بی جے پی ونگ کی طرح کام کر رہی ہے، وہ ناقابل قبول ہے۔ پولیس نے پانچ بے گناہ لوگوں کا قتل کیا ہے۔ انتظامیہ کسی وفد کو جائے وقوعہ کا دورہ کرنے کی اجازت نہیں دے رہی ہے"