سرینگر (جموں و کشمیر):جموں و کشمیر انتظامیہ کے سینئر حکام کے مطابق مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ آج شام جموں و کشمیر کی گرمائی راجدھانی سرینگر پہنچیں گے۔ حکام کو شاہ کے شام 6 بجے سرینگر پہنچنے کی توقع ہے۔ حکام نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ’’جمعہ کو وہ (امت شاہ) سیول سوسائٹی اراکین اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے کارکنوں سمیت مختلف وفود سے ملاقات کریں گے۔ اس کے علاوہ، پہاڑی برادری کے نمائندے بھی ان سے ملنے والے ہیں۔ بعد ازاں وہ (جمعہ کی) شام کو نئی دہلی روانہ ہوں گے۔‘‘
امت شاہ کے اچانک کشمیر دورے کے بارے میں حکام نے مزید تفصیلات ظاہر نہیں کیں۔ شاہ کا سرینگر کا یہ دورہ ملک بھر میں جاری لوک سبھا انتخابات کے بیچ ہو رہا ہے۔ قابل ذکر یہ ہے کہ بی جے پی نے وادی کشمیر کی تینوں نشستوں کے لیے اپنے امیدواروں کو نامزد نہیں کیا۔ جہاں سرینگر لوک سبھا حلقہ کے لیے پولنگ 13 مئی کو ہوئی تھی وہیں سات مرحلوں والے لوک سبھا انتخابات میں بارہمولہ اور اننت ناگ-راجوری حلقوں کے لیے بالترتیب 20 مئی (پانچواں مرحلہ) اور 25 مئی (چھٹا مرحلہ) کو ووٹنگ ہونے والی ہے۔