اردو

urdu

ETV Bharat / bharat

کرناٹک کے سابق وزیر اعلی اور سابق وزیر خارجہ ایس ایم کرشنا کا انتقال - SM KRISHNA DIED

کرناٹک کے سابق وزیراعلیٰ اور سابق وزیر خارجہ ایس ایم کرشنا کا آج انتقال ہوگیا۔ 92 سالہ کرشنا طویل عرصے سے بیمار تھے۔

کرناٹک کے سابق وزیر اعلی اور سابق وزیر خارجہ ایس ایم کرشنا کا انتقال ہو گیا
کرناٹک کے سابق وزیر اعلی اور سابق وزیر خارجہ ایس ایم کرشنا کا انتقال ہو گیا ((ANI))

By ETV Bharat Urdu Team

Published : Dec 10, 2024, 9:32 AM IST

بنگلورو: کرناٹک کے سابق وزیر اعلیٰ ایس ایم کرشنا کا منگل کی صبح ان کی رہائش گاہ پر انتقال ہو گیا۔ ان کے خاندان کے قریبی ذرائع نے بتایا کہ 92 سالہ بزرگ رہنما کچھ عرصے سے علیل تھے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ایس ایم کرشنا اب نہیں رہے۔ انہوں نے آج صبح 2:45 بجے اپنی رہائش گاہ پر آخری سانس لی۔ آج ان کی میت کو مدور لے جایا جائے گا۔ سوماناہلی ملایا کرشنا کے پسماندگان میں ان کی اہلیہ پریما اور دو بیٹیاں شمبھوی اور مالویکا ہیں۔

کرشنا 11 اکتوبر 1999 سے 28 مئی 2004 تک کرناٹک کے وزیر اعلیٰ رہے۔ انہوں نے 2009 سے 2012 تک منموہن سنگھ کی قیادت والی متحدہ ترقی پسند اتحاد حکومت کے دوران وزیر خارجہ کے طور پر بھی خدمات انجام دیں، اور بعد میں مہاراشٹر کے گورنر بن گئے۔ کرشنا نے وزیر خارجہ اور مہاراشٹر کے گورنر کے طور پر بھی خدمات انجام دیں۔

وہ یکم مئی 1932 کو کرناٹک کے منڈیا ضلع کے سوماناہلی میں پیدا ہوئے۔ کرشنا نے وکالت سےگر یجویشن کئے تھے، انہوں نے ڈلاس، ٹیکساس میں سدرن میتھوڈسٹ یونیورسٹی اور واشنگٹن ڈی سی میں جارج واشنگٹن یونیورسٹی میں تعلیم حاصل کی۔ یہاں کے لاء اسکول سے گریجویشن کیا۔ انہوں نے انتخابی سیاست میں اپنے کریئر کا آغاز 1962 میں مدور اسمبلی سیٹ سے آزاد امیدوار کے طور پر جیت کر کیا۔

کانگریس میں شامل ہونے سے پہلے وہ پرجا سوشلسٹ پارٹی سے وابستہ تھے۔ وہ مارچ 2017 میں بی جے پی میں شامل ہوئے تھے۔ کانگریس کے ساتھ تقریباً 50 سال تک ان کا تعلق رہا۔ انہوں نے جنوری 2017 میں کانگریس سے اپنے استعفیٰ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی بڑے پیمانے پر لیڈروں کی ضرورت کے بارے میں 'کنفیوژن کی حالت میں' ہے۔

کرشنا نے دسمبر 1989 سے جنوری 1993 تک کرناٹک قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر کے طور پر خدمات انجام دیں۔ وہ 1971 سے 2014 کے درمیان کئی بار لوک سبھا اور راجیہ سبھا کے رکن بھی رہے۔ کرشنا کرناٹک قانون ساز اسمبلی اور قانون ساز کونسل دونوں کے رکن تھے اور نائب وزیر اعلیٰ (1993 سے 1994) کے طور پر بھی خدمات انجام دیں۔

مزید پڑھیں:راجیہ سبھا کے چیئرمین جگدیپ دھنکھر کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کی تیاری!

وہ 1999 کے اسمبلی انتخابات سے قبل کرناٹک پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر بھی تھے۔ اس میں پارٹی جیت گئی اور وہ وزیر اعلیٰ بن گئے۔ کرشنا کو بہت سے لوگوں نے بنگلورو کو عالمی نقشے پر لانے کا سہرا دیا ہے، کیونکہ ان کے دور میں آئی ٹی سیکٹر کو فروغ دیا گیا تھا۔ اس کے نتیجے میں یہ شہر ہندوستان کی سیلیکون ویلی کے طور پر تیار ہوا۔ گزشتہ سال جنوری میں کرشنا نے اپنی عمر کی وجہ بتاتے ہوئے فعال سیاست سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔

ABOUT THE AUTHOR

...view details