نئی دہلی: متعدد قومی و بین الاقوامی پروازوں کو موصول ہونے والی فرصی دھمکیوں پر اپنی تحقیقات کو تیز کرتے ہوئے، دہلی پولیس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو خط لکھ کر دھمکی آمیز پیغامات پوسٹ کرنے والے اکاؤنٹس کی تفصیلات طلب کی ہیں۔ دہلی پولیس نے بدھ کے روز بنگلور جانے والی اکاسا ایئر کی پرواز کو جس میں 180 افراد سوار تھے کو بم کی دھمکی ملنے کے بعد ایک ایف آئی آر درج کرلی جبکہ جاریہ ماہ کے دوران اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ پر رپورٹ کیے گئے اسی طرح کے سات دیگر معاملات میں بھی جانچ شروع کردی۔
ایک سینئر پولیس افسر نے بتایا کہ بم کی دھمکی کے معاملات کی تحقیقات کے لیے ایک ٹیم تشکیل دی گئی ہے۔ دہلی پولیس سائبر سیل کی ٹیم میں انٹیلی جنس فیوژن اینڈ اسٹریٹجک آپریشنز کو بھی تحقیقات کے لیے شامل کیا گیا ہے۔ پولیس نے دھمکی آمیز پیغامات پوسٹ کرنے والے ہینڈلز کو معطل کرنے اور پوسٹوں کو ہٹانے کے لیے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے رابطہ کیا۔ یہ شبہ بھی ظاہر کیا جارہا ہے کہ ہینڈلر نے ایکس پر اکاؤنٹس قائم کرنے کے لیے VPN (ورچوئل پرائیویٹ نیٹ ورک) یا ڈارک ویب براؤزر کا استعمال کیا ہے یا پھر ایک سے زیادہ اکاؤنٹس سے پیغامات پوسٹ کئے گئے۔ پولیس افسر نے بتایا کہ ’ہینڈلرز کے آئی پی ایڈریس حاصل کرنے کے لئے، ہم نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم سے ربط قائم کیا ہے اور اس معاملہ میں ممبئی پولیس سے ہم رابطہ میں ہیں کیونکہ ممبئی پولیس نے بھی س معاملے میں ایف آئی آر درج کی ہے۔