کاسرگوڈ:ضلع کاسرگوڈ میں نیلیشورم کے قریب ایک مندر میں دیوالی کی آتش بازی کے حادثے میں 150 سے زیادہ لوگ زخمی ہوگئے۔ ان میں سے آٹھ شدید زخمی ہیں۔ یہ واقعہ گذشتہ رات کو نیلیشورم کے تھیرو اناہوتمبلم مندر میں پیش آیا۔ زخمیوں کو کاسرگوڈ، کننور اور منگلورو کے مختلف اسپتالوں میں داخل کرایا گیا ہے۔
مقامی لوگوں کے مطابق جس جگہ پٹاخے رکھے گئے تھے وہاں پٹاخے پھٹنے سے نکلنے والی چنگاری کی وجہ سے آگ لگ گئی، جس سے زبردست دھماکہ ہوا۔ زخمیوں میں زیادہ تر خواتین اور بچے ہیں۔ کلکٹر اور ضلع پولیس سربراہ سمیت ضلع انتظامیہ کے اعلیٰ حکام موقعے پر پہنچ گئے۔ نیلیشورم پولیس نے معاملہ درج کرلیا ہے اور مندر کے سکریٹری اور صدر سمیت تمام عہدیداروں کو حراست میں لیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ یہ آتش بازی بغیر اجازت کے کی گئی اور اس دوران حفاظتی معیارات پر عمل نہیں کیا گیا۔