لکھنؤ: خواتین کے عالمی دن کے موقع پر جمعہ کو لکھنؤ کے عیش باغ ریلوے اسٹیشن سے ایک مال گاڑی روانہ ہوگی۔ اگرچہ یہ ٹرین نارمل ہوگی لیکن اس کا عملہ خاص ہوگا۔ اس مال گاڑی کا پورا عملہ خواتین پر مشتمل ہوگا۔ اس میں پائلٹ سے لے کر ٹرین مینیجر تک خواتین ہوں گی۔
یہی نہیں اس مال گاڑی کو صرف خواتین افسران ہی ہری جھنڈی دکھائیں گی۔ اس حوالے سے شمال مشرقی ریلوے لکھنؤ ڈویژن کے تعلقات عامہ کے افسر مہیش گپتا نے کہا کہ عیش باغ سے جانے والی ٹرین کی پوری کمان آدھی آبادی کے ہاتھ میں ہوگی۔ عیش باغ سے شروع ہو کر یہ ٹرین گونڈہ پہنچے گی۔
بادشاہ نگر ریلوے اسٹیشن پر بھی اس کا استقبال کیا جائے گا، جہاں نارتھ ایسٹرن ریلوے کی خواتین کی بہبود تنظیم کی صدر روبی رائے موجود ہوں گی۔ اس کے علاوہ شمال مشرقی ریلوے کے ڈی آر ایم آدتیہ کمار سمیت تمام افسران موجود رہیں گے۔
غور طلب ہو کہ یوم خواتین کے موقع پر نارتھ ایسٹرن ریلوے ہر زون میں کچھ خاص کر رہی ہے۔ اس کے تحت نارتھ ایسٹرن ریلوے کے سب سے بڑے جنکشن گورکھپور میں جمعہ کو صرف خواتین آر آر آئی (روٹ رِلے انٹر لاکنگ) کی کمان سنبھالیں گی۔ اس دن چلنے والی تمام 175 ٹرینیں ان خواتین کے ہاتھ میں ہوں گی۔