چندی گڑھ: کسان تنظیموں نے حکومت کی تجویز کو مسترد کر دیا ہے۔ اتوار کو چندی گڑھ میں کسان تنظیموں کے نمائندوں کے ساتھ مرکزی حکومت کی میٹنگ کا چوتھا دور منعقد ہوا تھا، جس میں حکومت نے کسانوں کو ایک نئی تجویز پیش کی تھی۔ جس پر کسانوں نے کہا تھا کہ وہ اس تجویز پر غور کرنے کے بعد اپنا جواب دیں گے۔
چندی گڑھ میں مرکزی وزراء کی ٹیم سے بات کرنے کے بعد امید کی جا رہی تھی کہ کسانوں کی تحریک ختم ہوجائے گی اور ان کا دہلی کی طرف مارچ کرنا رک جائے گا، لیکن اب ایسا نہیں لگ رہا ہے کیونکہ کسانوں نے مرکزی حکومت کی تجویز کو مسترد کر دیا ہے۔
شمبھو بارڈر پر حکومت کی تجویز پر غور کرنے کے بعد کسان تنظیموں نے کہا ہے کہ حکومت کی طرف سے پیش کردہ تجویز میں کوئی نئی بات نہیں ہے۔ باقی فصلوں کو ایم ایس پی کے دائرہ سے باہر رکھنا مناسب نہیں ہے۔ حکومت جس معاشی بوجھ کا دعویٰ کرتی ہے وہ درست نہیں ہے۔ حکومت کی تجویز سے کسانوں کو کوئی فائدہ نہیں ہونے والا ہے۔