نئی دہلی: کانگریس کے سینئر لیڈر پی چدمبرم نے جمعرات کو وزیر اعظم نریندر مودی کے اس دعوے کو "بالکل غلط" قرار دیا کہ کانگریس کی سابقہ حکومت مسلمانوں کے لیے بجٹ کا 15 فیصد مختص کرنا چاہتی تھی، چدمبرم نے وزیر اعظم کے بیانات کو سختی سے مسترد کر دیا۔ انھوں نے کہا کہ یہ بیان سراسر غلط ہے۔
چدمبرم نے کہا کہ وزیر اعظم نے منگل کو دعویٰ کیا کہ اگر انہوں نے ہندو مسلم تقسیم کا کردار ادا کیا تو وہ عوامی زندگی میں رہنے کے قابل نہیں ہوں گے لیکن اگلے ہی دن انہوں نے ہندوؤں اور مسلمانوں کو تقسیم کرنے کا اپنا معمول کا کھیل کھیلا۔
کانگریس لیڈر نے 'ایکس' پر ایک پوسٹ میں کہا، "عزت مآب وزیر اعظم کے بیانات عجیب سے عجیب تر ہوتے جا رہے ہیں اور یہ ظاہر کرتے ہیں کہ ان کی تقریر لکھنے والے اپنا توازن کھو چکے ہیں۔"
سابق وزیر خزانہ نے کہا کہ"معزز وزیر اعظم کا یہ الزام ہےکہ ڈاکٹر منموہن سنگھ نے مرکزی بجٹ کا 15 فیصد صرف مسلمانوں پر خرچ کرنے کا منصوبہ بنایا ہے، بالکل غلط ہے۔ ان کا مزید یہ الزام کہ کانگریس اگر اقتدار میں آئی تو دو بجٹ پیش کرےگی ایک مسلم بجٹ اورایک ہندو بجٹ، وزیر اعظم کا یہ بیان اتنا اشتعال انگیز ہے کہ اسے صرف ایک فریب ہی کہا جا سکتا ہے جو وہ عوام کے ذہنوں یں ڈال رہے ہیں۔"