لکھنؤ: کانگریس پارٹی اتر پردیش میں اپنی جیت سے پرجوش ہے۔ اس سلسلے میں کانگریس 11 جون سے 15 جون کے درمیان ریاست کے تمام 403 اسمبلی حلقوں میں دھنیہ واد یاترا (تشکر یاترا) شروع کرنے جا رہی ہے۔ رائے بریلی سے کانگریس کے رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی 11 جون کو عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس یاترا کا آغاز کریں گے۔
یاترا میں راہل گاندھی کے ساتھ امیٹھی کے ایم پی کشوری لال شرما شرکت کریں گے۔ راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی رائے بریلی اور امیٹھی لوک سبھا سیٹوں کے لوگوں کا کانگریس کو دی گئی زبردست اکثریت اور حمایت کے لیے شکریہ ادا کریں گے۔
اس کے بعد تمام اضلاع کے کانگریس عہدیدار اپنے اپنے اضلاع کے تمام اسمبلی حلقوں میں جائیں گے اور کانگریس کی پالیسی اور اس کے انصاف کے وعدے کی حمایت کرنے پر عوام سے اظہار تشکر کریں گے۔ کانگریس کے اتر پردیش انچارج اویناش پانڈے نے 9 جون کو ریاستی دفتر میں منعقدہ جائزہ میٹنگ میں اس کا اعلان کیا تھا۔
- کانگریس اسمبلی وار یاترا نکالے گی:
کانگریس کے ترجمان سچن راوت نے کہا کہ اس "دھنیہ واد یاترا" کے دوران پارٹی عہدیدار ریاست کے تمام 403 اسمبلی حلقوں میں یاترا کریں گے۔ جس میں وہ آئین کی حفاظت اور کانگریس لیڈر راہل گاندھی کے تئیں عوام میں پیدا ہونے والے اعتماد کے لیے شکریہ ادا کریں گے۔