نئی دہلی : ریزرو بینک آف انڈیا کے سابق گورنر شکتی کانتا داس کو وزیر اعظم نریندر مودی کا پرنسپل سکریٹری مقرر کیا گیا ہے۔ سرکاری نوٹیفکیشن میں بتایا گیا کہ شکتی کانتا داس کو پی ایم کا پرنسپل سکریٹری مقرر کیا گیا۔ کابینہ کی تقرری کمیٹی نے کہا کہ شکتی کانتا داس کی تقرری وزیر اعظم کی مدت یا اگلے احکامات تک ہو گی۔
حکومتی تھنک ٹینک نیتی آیوگ کے سی ای او بی وی آر سبرامنیم کی میعاد میں بھی ایک سال کی توسیع کی گئی ہے، 1987 بیچ کے ریٹائرڈ انڈین ایڈمنسٹریٹو سروس (آئی اے ایس) افسر کو فروری 2023 میں دو سال کے لیے نیتی آیوگ کا سی ای او مقرر کیا گیا تھا۔ شکتی کانتا داس دسمبر 2018 سے چھ سال تک آر بی آئی کے سربراہ رہے۔ وہ چار دہائیوں کے دوران اعلیٰ عہدوں پر فائز رہیں۔ وہ مرکزی اور ریاستی حکومتوں میں فنانس، ٹیکسیشن، صنعتوں، انفراسٹرکچر و دیگر شعبوں سے وابستہ رہیں۔