لکھنؤ:سپریم کورٹ کے حکم نامے پر الیکشن کمیشن آف انڈیا نے الیکٹورل بانڈ کو اپنے ویب سائٹ پر اپلوڈ کیا، جس کے بعد حزب اختلاف کی سیاسی جماعتوں کا سخت رد عمل سامنے آرہا ہے۔ لکھنؤ واقع سماج وادی پارٹی کے دفتر میں پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو نے پریس کانفرنس کر کے الیکٹورل بانڈ پر سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکٹورل بانڈ آج تک کا سپریم گھوٹالہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن آف انڈیا نے الیکٹورل بانڈ کو عوام کے درمیان رکھا ہے، جس سے واضح ہوتا ہے کہ جو بی جے پی اپنی پاک دامنی کا اعلان کرتی تھی، اس نے الیکٹورل بانڈ سے کتنا بڑا گھوٹالہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرائیویٹ کمپنیوں نے جتنے رقم کا بانڈ خریدا ہے، اس سے ملازمین کی تنخواہ میں اضافہ ہوتا، بونس دیتی، نئی ملازمتوں میں اضافہ ہوتا لیکن بی جے پی نے بانڈ کے ذریعے سب ختم کردیا ہے۔ یہ پارٹی کو چندہ نہیں ہے بلکہ وصولی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ الیکٹورل بانڈ کے ذریعے پرائیویٹ کمپنیوں نے بی جے پی کو کتنا بڑا رقم دیا ہے تاکہ ای ڈی، سی بی ائی اور دیگر کمپنیوں سے راحت ملے۔ انہوں نے کووڈ کی ٹیکہ بنانے والی کمپنی سیرم انسٹیٹیوٹ کا نام لیے بغیر ہی سخت تنقید کا کیا اور کہا کہ کووڈ کی دوا بنانے والی ایک کمپنی سے 5 سو کروڑ الیکٹورل بانڈ لیا، اس سے واضح ہوتا ہے کہ یہ دوا کس لیے بنوایا گیا تھا اور کس لیے بھارت کی عوام کو لگوایا گیا۔ اسی لیے ہم نے کووڈ ٹیکہ نہیں لگوایا تھا۔