ممبئی:مہاراشٹر اسمبلی انتخابات 2024 کے نتائج کا اعلان ہوئے 11 دن گزر چکے ہیں۔ آج وزیراعلیٰ کے نام کو حتمی شکل دی گئی ہے۔ دیویندر فڑنویس پانچ دسمبر کو مہاراشٹر کے وزیر اعلی کے طور پر حلف لیں گے۔ پہلے بی جے پی کی کور کمیٹی کی میٹنگ میں ان کے نام کو حتمی شکل دی گئی۔ اس کے بعد بی جے پی لیجسلیچر پارٹی کی میٹنگ میں انھیں لیجسلیچر پارٹی کا لیڈر چنا گیا۔
دیویندر فڑنویس نے گورنر کے سامنے حکومت بنانے کا دعوی پیش کیا۔ حکومت بنانے کا دعویٰ پیش کرنے کے بعد دیویندر فڑنویس نے میڈیا سے بھی بات کی۔ انہوں نے کہا کہ پی ایم مودی کل جمعرات کو حلف برداری کی تقریب میں شرکت کریں گے۔ اس کے ساتھ ہی مہاوتی اتحاد کی تینوں پارٹیوں (بی جے پی، شیوسینا، این سی پی) کے رہنما وہاں موجود ہوں گے۔ فڑنویس نے کہا کہ حلف برداری کی تقریب کل شام 5.30 بجے ہوگی۔
شروع ہی سے ریاست کے سابق وزیر اعلی دیویندر فڑنویس کا نام وزیر اعلیٰ کی دوڑ میں سب سے آگے تھا۔
میٹنگ کے لیے منگل کی شام ممبئی پہنچنے والے روپانی نے رات دیر گئے کہا تھا کہ پارٹی کے نومنتخب ایم ایل ایز کے ساتھ بات چیت کے بعد لیجسلیچر پارٹی لیڈر کے نام کو حتمی شکل دی جائے گی۔ انہوں نے کہا تھا کہ اگر اتفاق رائے ہوا تو صرف ایک نام کا انتخاب کیا جائے گا۔ منگل کے روز، فڑنویس نے نگراں وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے سے ان کی سرکاری رہائش گاہ ورشا میں ملاقات کی، گزشتہ ہفتے دہلی میں حکومت سازی پر بات چیت کے بعد ان کی آمنے سامنے پہلی ملاقات ہوئی۔