نئی دہلی: دہلی میں جمعہ کی صبح تقریباً پانچ بجے شدید بارش کی وجہ سے اندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے کے ٹرمینل-1 کا شیڈ گرنے سے ایک شخص کی موت اور 6 افراد زخمی ہو گئے تھے۔ اس معاملے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے دہلی پولیس نے آئی پی سی کی دفعہ 304A/337 کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔
آئی جی آئی ایرپورٹ کے ٹرمینل-1 پر پیش آنے والے اس حادثہ میں مرنے والے کی شناخت آشیش (32) ولد رمیش کے طور ہوئی ہے جو وجے وہار، شانی بازار فیز 1، روہنی، دہلی کا رہائشی ہے۔ شہری ہوا بازی کے وزیر رام موہن نائیڈو نے مہلوک کے ورثہ کو 20 لاکھ اور زخمیوں کے لیے 3 لاکھ روپے معاوضہ کا اعلان کیا ہے۔
حادثے کے بعد دہلی ایئرپورٹ کے ٹرمینل 1 سے فلائٹ آپریشن فی الحال معطل کر دیا گیا ہے۔ اس دوران ڈی جی سی اے نے ایئر لائنز کو مشورہ دیا ہے کہ وہ مسافروں کو متبادل پروازوں میں ایڈجسٹ کریں یا قواعد کے مطابق مکمل رقم واپس کریں۔ ٹرمینل 3 اور ٹرمینل 2 سے آنے اور جانے والی تمام پروازیں چل رہی ہیں۔